فیصل آباد، 16 جولائی (اے پی پی ): ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر و ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹو فیصل آبادعرفان کوثر نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی97 فیصل آباد1 میں کل ہونیوالے ضمنی انتخاب کیلئے بیلٹ بکسز اور دیگر تمام سامان پریذائیڈنگ افسران کے حوالے کردیا گیاہے جبکہ168 پولنگ سٹیشنزپرپریذائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران، پولنگ آفیسرز سمیت انتخابی عملہ کے 1000 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جنہیں 4000 سے زائد پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کے اہلکار سکیورٹی کور فراہم کریں گے اور ان کی معاونت کیلئے رینجرز اور پاک فوج کے جوان بھی موجود ہوں گے۔
یہ بات ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر و ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹو فیصل آبادعرفان کوثر نے ہفتہ کی دوپہر گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری سکول چک جھمرہ فیصل آباد میں پریذائیڈنگ افسران میں بیلٹ بکسز اور دیگر انتخابی میٹریل کی تقسیم کے موقع پر میڈیا بریفنگ میں بتائی۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے میڈیاکو بتایا کہ فارم 45 اور فارم 46 ایکسٹرا پرنٹ کروائے گئے ہیں تاکہ کسی کو شکایت نہ ہو جبکہ متعلقین سے دستخط حاصل کرکے انہیں مذکورہ فارم 45 اور46 فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پولنگ سٹیشنزپر پینے کے صاف و ٹھنڈے پانی، ووٹرز کیلئے سایہ،پنکھوں اور گاڑیوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے جبکہ ان تمام سہولیات کی مسلسل و بلا تعطل فراہمی کی ذمہ داری متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو سونپی گئی ہے۔
عرفان کوثر نے بتایا کہ کل 2لاکھ 55ہزار 884ووٹرز کیلئے 168پولنگ سٹیشنزاور550پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جہاں مرد ووٹرز کی تعداد 138463اور خواتین ووٹرز کی تعداد 117421ہے اسطرح اس حلقہ میں کل 255884ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جبکہ ضمنی انتخاب کیلئے 68مردانہ اور64زنانہ و 36کمبائنڈ پولنگ سٹیشنز سمیت کل 168پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں مردوں کے پولنگ بوتھ کی تعداد 291اور خواتین کے پولنگ بوتھ کی تعداد 259ہے اس طرح مرد و خواتین ووٹرز 550پولنگ بوتھ پر ووٹ ڈال سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ حلقہ کے51 پولنگ سٹیشنزکو انتہائی حساس اور39پولنگ سٹیشنزکو حساس قراردیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر عرفان کوثر نے بتایا کہ انتخابی نتائج مینوئل سسٹم کے ساتھ ساتھ رزلٹ ٹرانسمشن سسٹم(آر ٹی ایس)کے ذریعے بھی فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ صبح 8 بجے سے شروع ہوکر بغیر کسی وقفہ کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ الیکشن کے عمل کی شفاف تکمیل کیلئے تمام ممکن انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انٹرنل مانیٹرنگ کیلئے بھی ٹیمیں بنائی گئی ہیں جو پولنگ سٹاف کے بروقت اپنے اپنے پولنگ سٹیشنزپر پہنچنے،واپس آنے اور سامان وغیرہ کی نقل و حمل کے تمام عمل کی مسلسل سختی سے چیکنگ کریں گی۔انہوں نے کہا کہ انتخابی عملہ کو مکمل سکیورٹی فراہم کیاگیا ہے لہٰذا عملہ اپنے سامان کی حفاظت کا خود ذمہ دار ہوگا۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر عرفان کوثر نے بتایا کہ انتخابی مہم جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب 12 بجے ختم ہوچکی ہے اور ابھی تک اس ضمن میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ امیدواروں، ان کی پارٹیوں اور ان کے حامیوں کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق پر ہر حال میں سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گاجبکہ الیکشن کے ضمن میں شکایات کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک طرف انتخابی عملہ کی طرف سے موصول ہونیوالی شکایات کو فوری حل کیا جا ئے گا جبکہ دوسری طرف میڈیا اور ووٹرز کی طرف سے ملنے والی شکایات بھی بلاتاخیر دور کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ 34 پولنگ سٹیشنز پر انٹرنیٹ کی سہولت بھی موجود ہے جبکہ عملہ کو خصوصی طور پر گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں تاکہ انہیں رزلٹ و سامان لیکر مقررہ مقام تک پہنچنے میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر عرفان کوثر نے بتایا کہ حساس پولنگ سٹیشنزپر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کا فوری تدارک کیا جا سکے نیز حلقہ میں دفعہ144کے تحت کسی بھی شخص کو اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ حلقہ پی پی 97 کے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں ضروری معلومات کے تبادلہ کیلئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشنل سنٹر ڈی سی آفس میں الیکشن سیل قائم کردیا گیا ہے جو انچارج محمد صادق کی زیر نگرانی17 جولائی کو 24 گھنٹے فنکشنل رہے گا۔
انہوں نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ پولنگ کے موقع پرجھوٹی افواہیں پھیلانے والوں کی حوصلہ شکنی کرے اور انتخابی عمل کی کوریج کے موقع پرامن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جا ئے۔
اس موقع پر ریٹرننگ آفیسر پی پی 97 و الیکشن کمشنر فیصل آباد ون باسل اکرم،اسسٹنٹ کمشنر چک جھمرہ،پولیس افسران، محکمہ تعلیم کے حکام اور دیگر متعلقین بھی موجود تھے۔