حکومت پنجاب انسداد ڈینگی کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے؛ڈپٹی کمشنر اٹک محمد ذوالقرنین

9

اٹک،03 جولائی  (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر  محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب انسداد ڈینگی کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ، ڈینگی خطرناک ضرور ہے مگر تھوڑی سی احتیاط کرکے اس سے بچا جا سکتا ہے ، عوام کے تعاون کے بغیر مچھر کی افزائش کو روکنا نا ممکن ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی آگہی واک کے موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، واک ضلع کونسل ہال سے کچہری چوک تک کی گئی جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اٹک ڈاکٹر جواد الٰہی ، سرکاری افسران سمیت ہر طبقہ فکر سے لوگوں نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر اٹک محمد ذوالقرنین  نے کہاکہ شہری گھروں میں پانی کے ٹب، ٹینکیوں اور گملوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ کاٹھ کباڑ کو تلف کریں، روم ائیر کولر وغیرہ میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ لمبی آستینوں والی قمیض پہنیں تاکہ مچھر کاٹ نہ سکے ،دروازوں، کھڑکیوں اور روشن دانوں میں جالی لگوائیں اور مچھر بھگاؤ لوشن کا استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ انسدادِ ڈینگی واک و سیمینار کا مقصد عوام الناس کو آگاہ کرنا ہے کہ ڈینگی خطرناک ضرور ہے مگر تھوڑی سی احتیاط کرکے اس سے بچا جا سکتا ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اٹک ڈاکٹر جواد الٰہی نے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے مچھر کی افزائش نسل کوروکنا انتہائی ضروری ہے جس کیلئے انسداد ڈینگی کیلئے شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم کے ذریعے عوام کو آگاہی دینے کا سلسلہ جاری ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ آگاہی دی جا سکے اور انسداد ڈینگی مہم کو کامیاب بنا کر صحت مند معاشرے کا حصول ممکن بنا یا جا سکے۔