دہشت گرد تنظیم فیٹو نے ریاست کے خلاف بغاوت کی، فیٹو سربراہ کو ترکیہ کے حوالے کیا جاۓ؛ سفیر ترکیہ مہمت پاکاسی

28

اسلام آباد، 14 جولائی(اے پی پی): پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر مہمت پاکاسی نے کہا ہے کہ جولائی 2015 میں دہشت گرد تنظیم فیٹو نے ترکیہ کی ریاست اور آزادی پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جسے باہمت ترک عوام نے کچل دیا اور جمہوریت کو کامیابی حاصل ہوئی، فیٹو چالیس سال سے خاموشی سے ترکیہ کے خلاف کام کررہی ہے،ہمارا مطالبہ ہے کہ فیٹو سربراہ کو ترکیہ کے حوالے کیا جائے۔

جمعرات کو یہاں ترک سفارتخانے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہمت نے کہا کہ پچاس سے زائد ممالک میں فیٹو سے الحاق شدہ سکولوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیٹو پر ترکیہ نے پابندی لگا رکھی ہے، فیٹو نے تعلیمی ادارے کھول کر ترکیہ کے خلاف بچوں کو تربیت دی اور انہیں “برین واش” کیا گیا، ان اداروں کی ستر کی دہائی میں داغ بیل ڈالی گئی، ہزاروں کی تعداد میں ترکیہ میں فیٹو نے تعلیمی ادارے کھولے،بیرون ملک بھی آٹھ سو تعلیم ادارے کھولے، ان اداروں کے لئے اپنے لوگوں سے فنڈ حاصل کیے اور ان اداروں میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی تعلیم دی گئی۔

 سفیرترکیہ مہمت پاکاسی نے کہا کہ اپنے مقاصد کے حصول تک فیٹو کے عناصر خاموشی سے کام کرتے تھے، فیٹو کے تعلیمی اداروں سے پاس ہوکر ان عناصر کو میڈیا ہاوسز، سرکاری اداروں ، بیوروکریسی اور مسلح افواج میں بھرتی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فیٹو کا سربراہ اپنے آپ کو امامِ کائنات کہتا ہے جبکہ فیٹو اب بھی خفیہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوۓ ہے جن کا خاتمہ کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

سفیرترکیہ  نے کہا کہ پاکستان اور او۔ آئی۔سی سمیت  کئی ممالک نے اس تنظیم کو دہشت گرد قرار دیا ہے۔ ترکیہ کا مطالبہ ہے کہ فیٹو سربراہ کو ترکیہ کے حوالے کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جولائی پندرہ کے منصوبہ سازوں اور کرداروں کا سخت محاسبہ کیا گیا ہے، عدالت میں اب بھی کیسز چل رہے ہیں۔

ترکیہ کے سفیر نے کہا کہ فیٹو تنظیم کا قلع قمع کرنا ترکی کا اہم مقصد ہے اسکے خلاف شعور اجاگر کیا جارہا ہے، یہ تنظیم منی لانڈرنگ اور دہشت گردی میں ملوث ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پچاس ممالک میں فیٹو سے الحال شدہ سکولوں کو بند کردیا ہے اور انکی جگہ ترک معارف فاؤنڈیشن نے اپنے اسکول کھول دئیے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سفیرترکیہ مہمت پاکاسی کا کہنا تھا کہ پاک ترکیہ تجارتی معاہدہ جلد ہوگا، ستمبر میں پاک ترکیہ تجارت کے وزراء ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کی روشنی میں متعدد معاہدے زیر غور ہیں، آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات مزیدمستحکم ہوں گے۔