شکرگڑھ؛ ریسکیو 122  نے  کھیتوں میں اچانک پانی آنے سے  پھنسے ہوئے ایک ہی  خاندان کے  چار افراد کو  بحفاظت نکال لیا

23

شکرگڑھ،31 جولائی ( اے پی پی): ریسکیو 1122 کے جوانوں نے چک امرو کے پاس نالہ بئیں میں اچانک پانی آنے  سے کھیتوں میں پھنسے   ایک ہی  خاندان کے  چار افراد کو   ریسکیو کر لیا ہے ۔

ریسکیو 1122 کنٹرول روم میں چک امرو کے پاس نالہ بئیں میں اچانک پانی آنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی شکر گڑھ سے سپیشل واٹر ریسکیو ٹیم کو بھیج دیا گیا۔اچانک پانی آنے کی وجہ سے کھیتوں میں کام کرنے والے چار لوگ پانی میں پھنس گئے۔ ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچتے ہی واٹر ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔ریسکیو 1122 کے جوانوں نے پانی سے ایک ہی خاندان کے چار لوگوں کو ریسکیو کیا۔ جس میں حمزہ ولد مبارک 18سال،عثمان ولد مبارک 20 سال ،رضیہ بی بی زوجہ مبارک 55سال اور رشیدہ زوجہ کرامت 25 سال گاؤں نٹلہ کلاں نزد چک امرو شامل ہیں۔

سپیشل واٹر ریسکیو آپریشن کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر تیمور حسن چٹھہ نے کی۔ڈی ای او نے کہا کہ چک امرو کے پاس شکر گڑھ کی ٹیم نے چالیس منٹ میں چار لوگوں اور ان کے سامان  کو بحفاظت کشتی کے ذریعے ایک کنارے سے دوسرے کنارے منتقل کیا۔ جس میں شکر گڑھ کے انچارج کاشف سمیت 09 ریسکیورز نے آپریشن میں حصہ لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 نارووال کے جوان کسی بھی قسم کی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔