صوبہ بھر میں ٹیوب ویلز کے غلط استعمال پر کارروائی عمل میں لائی جائے؛ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

9

پشاور،21جولائی(اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو صوبہ بھر میں سرکاری وسائل سے قائم شدہ تمام ٹیوب ویلز کا مکمل ڈیٹا اکھٹا کرنے اور غیر فعال ٹیوب ویلز کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن ٹیوب ویلز سے علاقے کے لوگوں کوپینے کے پانی کی فراہمی نہیں ہو رہی ہے اور جن ٹیوب ویلز کا غلط استعمال ہو رہا ہے اُن کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور غیر فعال ٹیوب ویلز کو فعال بنانے کیلئے فوری اقدامات اُٹھائے جائیں۔

یہ ہدایات اُنہوں نے جمعرات کو محکمہ آبنوشی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ وزیراعلیٰ نے بعض مقامات پر سرکاری وسائل سے لوگوں کی چاردیواریوں کے اندر قائم ٹیوب ویلز سے عوام کو پینے کے پانی کی عدم فراہمی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ایسے تمام ٹیوب ویلز اور واٹر ٹینکس کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ ٹیوب ویلز کسی فرد واحد کیلئے نہیں بلکہ عوام کیلئے قائم کئے گئے ہیں جن کا فائدہ عوام کو پہنچنا چاہیئے ۔

اجلاس میں صوبہ بھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق اُمو ر اور مسائل کا جائزہ لیاگیااور اس سلسلے میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے متعلقہ حکام کو ضروری احکامات جاری کئے گئے۔ اُنہوں نے صوبہ بھر میں غیر فعال ٹیوب ویلز کو فعال بنانے اور بعض سرکاری ٹیوب ویلز پر قبضے چھڑانے کیلئے ایک مہینے کے اندر ایکشن پلان ترتیب دینے اور اُس ایکشن پلان پر عمل درآمد کیلئے ٹائم لائنز مقرر کرکے اُس پر عملی پیشرفت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

 وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت سرکاری وسائل خرچ کرکے ٹیوب ویلز اس لیے قائم کرتی ہے تاکہ لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے لہٰذا اس مقصد کے تحت بنائے گئے ٹیوب ویلز کا فائدہ عوام تک پہنچنا چاہیئے ۔انہوں  نے اس مقصد کیلئے اضلاع کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی ۔

وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ جن ٹیوب ویلز سے پانی کی فراہمی کیلئے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک موجود نہیں وہاں ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کیلئے ا سکیم تیار کی جائے اور اس بات کو کو یقینی بنایا جائے کہ بغیر ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کے ٹیوب ویلز قائم کرنے کا کوئی بھی منصوبہ منظور نہیں کیا جائے گا۔   وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں محکمہ آبنوشی کے تمام انفراسٹرکچر کے بہتر انتظام و انصرا م کیلئے جی آئی ایس میپنگ پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان ، سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ادریس خان، ڈائریکٹر پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ، محکمہ بلدیات کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔