علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ” مولانا رومی اور اُن کا عہد” کے موضوع پر قومی سیمینار

20

اسلام آباد۔20جولائی  (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں سینٹر آف ایکسی لینس کے اقبالیات، تصوف اور فکر اسلامی چیئر  کے زیر اہتمام” مولانا رومی اور اُن کا عہد” کے موضوع پر قومی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت پروفیسر مظفر علی کشمیری نے کی جبکہ صدر شعبہ اردو پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے مولانا جلا ل الدین رومی کے حالات زندگی، حیات و خدمات، رومی اور شمس کے عشق کی داستان، صلیبی جنگوں کے دوران / چنگیز خان اور ہلاکو خان کے ظالمانہ دور میں مولانا رومی کی خدمات و واقعات پر کلیدی خطبہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ تصوف نے جنوبی ایشاکی سرزمین کو خوشبوؤں سے معطر کرایا جو چراغ بن کر پورے عالم اسلام میں روشنی پھیلا رہا ہے۔عبدالعزیز ساحر نے کہا کہ مولانا رومی اپنے دور کے اکابر علما میں سے تھے، وہ فقہ اور مذاہب کے بہت بڑے عالم تھے لیکن انہیں  ایک صوفی شاعر کے طور پر شہرت  حاصل ہوئی۔انہوں نے کہا کہ زندگی کی ابتدائی سالوں میں مولانا رومی کی شہرت ہر جگہ پھیلتی چلی گئی اوران کی یہ شہرت سن کر شاہ روم علاؤالدین کیقباد نے انہیں روم آنے کی دعوت دی تھی۔اس دعوت کو قبول کرتے ہوئے مولانا روم کے  شہر قونیہ تشریف لے گئے جہاں پر ان کی شخصیت ابھرتی چلی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا رومی روحانیت کے بے تاج بادشاہ تھے۔انہوں نے کہا کہ علم اسلام کے لئے مولانا رومی جیسی عظیم ہستیوں کا ہونا انتہائی اعزاز اور فخر کی بات ہے۔پروفیسر مظفر علی کشمیری نے کہا کہ برصغیر کے شعرا اور ادبا سب سے زیادہ ایرانی ہیں جس کا پہلا ستون فردوسی، دوسرا سعدی، تیسرا حافظ اور چوتھا ستوں مولانا رومی تھے۔ صدر نشین اقبال چیئر   پروفیسر فتح محمد ملک نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی میں اقبالیات، تصوف اور فکر اسلامی چیئر کے  قیام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوفیانہ تعلیمات کے فروغ کے لئے چیئر  کا قیام اوپن یونیورسٹی کا ہم سب پر بہت بڑا احسان ہے۔فتح محمد ملک نے کہا کہ  اس سیمینار کے تحت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں تصوف اور فکر اقبال پر مقالمے کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ” قونیہ کا دبستان تصوف اور اس کے اثرات”کے موضوع پر سمینار 27جولائی جبکہ” اقبال اور رومی” کے موضوع پر سیمینار 3 اگست کو منعقد کیا جائے گا۔تقریب میں سیرت چیئر کے صدر نشین پروفیسر صاحبزادہ ساجد الرحمن، پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے سینئر ایڈوائزر،پروفیسر محمد رفیق طاہر  اور ڈاکٹر عبدالواجد تبسم نے بھی خطاب کیا۔