اسلام آباد،15جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کابینہ اجلاس پرمیڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر مقررہ مدت سے زیادہ عرصہ پاکستان میں مقیم غیر ملکی باشندوں کو پاکستان چھوڑنے کے لئے ایمنسٹی اسکیم کی منظوری دی۔ اس میں بہت سے ایسے لوگ بھی شامل ہیں جو گرفتار ہیں، ان پر جرمانہ اتنا زیادہ ہے کہ ان کے پاس ادائیگی کے لئے پیسے نہیں، اس اسکیم کے تحت 4 لاکھ 8 ہزار کے قریب پاکستان میں مقیم غیرملکی باشندوں کو 31 دسمبر 2022 ء تک پاکستان سے اپنے ملکوں میں روانگی کی مہلت دی گئی ہے۔ اس حوالے سے وزارت اطلاعات وزارت داخلہ کے ساتھ مل کر ایک مہم بھی چلائے گی۔