مظفرگڑھ؛بین الصوبائی منشیات فروش گروہ کے7 کارندے گرفتار،62 کلوگرام چرس برآمد

4

مظفرگڑھ، 08 جولائی(اے پی پی): پولیس نے منشیات  کے خلاف جاری مہم کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات فروش گروہ کے7 کارندے گرفتار کر لیے ہیں،جن سے  62 کلوگرام چرس برآمد ہوئی ہے ۔

ڈی ایس پی سٹی سرکل مظفرگڑھ عمران رشید نے تھانہ سٹی مظفرگڑھ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ کیپٹن ریٹائرڈطارق ولایت کی ہدایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات فروش گروہ کے7 کارندے جن میں سے 2 بیچنے والے حبیب اللہ اور سلیم شاہ جن کا تعلق صوبہ بلوچستان سے ہے جبکہ 5 خریدنے والے شاہد مرید ،محمد شاہد ،عابد، دلدار حسین اور خورشید احمد کو گرفتار کر کے 62 کلوگرام چرس برآمد کر لی ہے۔

 مخبر کی اطلاع پر بین الصوبائی منشیات فروش گروہ کو ترکی بائی پاس سے گرفتار کیا گیا۔ یہ منشیات فروش گروہ کوئٹہ سے ٹرک کے مختلف خانوں میں منشیات کو چھپاکر فروخت کرنے کےلئے لایا کرتے تھے۔

 پولیس تھانہ سٹی مظفرگڑھ نے ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے  اور ملزمان کو حوالات بند کر دیا گیا ہے۔

 اس موقع پرڈی ایس پی سٹی سرکل عمران رشید کا کہنا تھا کہ پولیس منشیات فروشوں کے خلاف مستقل بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھے گی اور 24 گھنٹےعوام کی جان ومال کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت الرٹ  ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی  مشکوک سرگرمی کی اطلاع پنجاب پولیس ایمرجنسی نمبر 15 پر دیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔