ملتان، 04 جولائی (اے پی پی): کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ پر بارشوں کے پیش نظر صفائی و نکاسی آب کے حوالے سے واسا،ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے مشترکہ ورکنگ پلان تشکیل دے دیا ہے۔
کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت پیر کو یہاں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عید قربان پر مثالی صفائی یقینی بنائے ، 16 کلیکشن پوانٹس سے فوری کوڑا مناسب طریقے سے تلف کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عید قربان پر واسا، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اپنے شکایت سیل فعال رکھیں۔
کمشنر نے کہا کہ مون سون کی صورت میں واسا افسران و اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ واسا عید پر بارشوں کے پیش نظر تمام مشینری فعال رکھے اور تیز بارش کے دوران واسا نکاسی آب کو ہر صورت یقینی بنائے، تمام اہم شاہراہوں،نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کو فوری کلئیر کروایا جائے۔
عامر خٹک نے کہا کہ تمام مشینری فنکشنل، ڈسپوزل پر جنریٹر کا انتظام بھی کیا جائے۔انہوں نے کہا شہری بھی جانوروں کی آلائشیں، باقیات گٹروں میں ڈالنے سے گریز کریں۔
اجلاس میں ڈی سی ملتان طاہر وٹو اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔