ملتان،25 جولائی (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام کے موقع پر مثالی امن و امان کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
کمشنر انجینئر عامر خٹک کی صدارت میں ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو ،ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن سرفراز احمد سمیت ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی اور علامہ فاروق خان سعیدی ،عبدالحق مجاہد ،مفتی محمد عثمان اور علی رضا گردیزی بھی شریک ہوئے اور مزین چاون ،خاور حسنین بھٹہ اور اصغر عباس نقوی نے مسائل و مطالبات بیان کئے۔
کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ اولیاء کرام کی دھرتی ہمیشہ سے امن کا پیغام عام کرتی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاؤڈ سپیکر ایکٹ اور وال چاکنگ سے سختی سے نمٹیں گے ، ڈویژن میں مثالی امن و امان کی روایات برقرار رکھیں گے۔
کمشنر نے کہا کہ جلوس کے روٹس پر کمیرے اور بھرپور سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کے علماء کرام کا گلدستہ امن بحالی کیلئے سجایا گیا ہے۔ امام بارگاہوں، مجالس اور روٹس پر صفائی کے مثالی انتظامات ہونگے۔
ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا شرپسندی کو ہوا دینے والے عناصر کا کڑا احتساب کرینگے۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے پیش نظر روٹس کلئیر کرنے کے کام کو مزید تیز کردیا گیا ہے،امن کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ قیام امن کیلئے ایک پلیٹ فارم پر ہیں۔
اجلاس میں ملک کی تعمیر و ترقی و امن امان کیلئے دعا بھی کرائی گئی۔