ملتان، 08 جولائی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے عیدالاضحیٰ پر مثالی سکیورٹی و صفائی آپریشن کی ہدایت کی ہے اور تمام متعلقہ ضلعی محکموں کے افسران کی عید الاضحیٰ کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں۔
ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو کی صدارت میں عید قربان کے سلسلے میں ضلعی محکموں کا اجلاس ہوا۔ طاہر وٹو نے کہا کہ عید قربان پر شدید بارشوں کے پیش نظر ضلعی محکمے الرٹ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ مساجد اور عبادت گاہوں کی سیکورٹی اور صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور شہریوں کو عید الاضحی پر صاف ستھرا ماحول دینے کی کوشش کرینگے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو صفائی آپریشن کیلئے اضافی مشینری و عملہ فراہم کیا گیا ہے ۔ واسا، ریسکیو اور سول ڈیفنس بارش کے پیش نظر ایمرجنسی پلان تشکیل دیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری آلائشوں کو باہر پھینکنے کے بجائے کوڑا دانوں میں ڈالیں اور دفعہ 144 کے تحت سری پائے و آلائشیں جلانے پر سخت پابندی عائد ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ رجسڑڈ اداروں کے علاؤہ کسی کو قربانی کی کھالیں جمع کرنے نہیں دینگے۔