ملتان، 14جولائی (اے پی پی):کامیاب عیدصفائی آپریشن پر ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی جانب سے اپنے ورکرز کے اعزاز میں ضلع کونسل ہال میں تقریب منعقد ہوئی جس میں کمشنر عامر خٹک، ڈی سی طاہروٹو اور سی ای او امیرحسن نے 3کروڑ سے زائد مالیت کا چیک بطور بونس ورکرز کے حوالے کیا اور عید صفائی آپریشن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے ورکرز میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئےورکرز نے تقریب میں اردو، پنجابی اور سرائیکی گیت گا کر جشن منایا۔
کمشنر عامرخٹک نے تقریب سے خطاب کے دوران کمپنی کے سی ای او امیرحسن کو50 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ یہ انعام کسی سرکاری فنڈز سے نہیں بلکہ اپنی جیب سے دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی ای او امیر حسن کو عید سے چند دن قبل چارج ملا لیکن انہوں نے ٹاسک نبھادیا اور کمپنی ورکرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس پر ہمیں فخر ہے۔
عامرخٹک نے کہا کہ عید صفائی آپریشن کی کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے،ملتان کی صفائی ایک بڑا چیلنج تھا جس میں سرخرو ہوئے۔انہوں نے کہا کہ کمپنی ورکرز کی پروموشن کے کیسسز کو حل کیا جائے گا، کمپنی کی شہری حدود بڑھائی جائے گا اور مشینری اور افرادی قوت کے مسائل حل کئے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے کہا کہ عید صفائی آپریشن کی کامیابی ورکرز کی محنت کاثمر ہے،ورکرز نے ثابت کردکھایا کہ محنت میں عظمت ہے۔انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ ورکرز شہر کی صفائی اسی رفتار سے جاری رکھیں گے۔
کمپنی کے سی ای او امیرحسن نے کمپنی ورکرز کی حوصلہ افزائی پر کمشنر عامر خٹک اور ڈی سی طاہر وٹو کا شکر ادا کیا اور کہا کہ مجھے ایم ڈبلیو ایم سی کی ٹیم پر ناز ہے۔کمپنی کے ہیڈ آفس میں تعینات افسران نے پورا ساتھ دیا اور عید ایام میں فیلڈ میں ڈیوٹی دی۔ کمپنی انتظامیہ کے افسران رات گئے تک ڈیوٹی دیتے رہے۔امیر حسن نے بتایا کہ عید کے تین یوم کے دوران انہوں نے شہر کے 135 دورے کئے۔انہوں نے عید صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کرنیوالے ضلعی انتظامیہ کے تمام افسران اور آلائشوں بارے آگاہی مہم میں تعاون کرنے پر میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو سونئیر پیش کئے گئے جبکہ منیجرآپریشنز انوار الحق اور ڈپٹی منیجرز آپریشنز عثمان خورشید، حبیب اللہ ظفر، بلال بھٹہ، تمام سیکٹرز انچارج اور سپروائزرز کو بھی شیلڈ دی گئیں۔