ملتان، 29 جولائی(اے پی پی): ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کی مناسبت سے شعبہ امراض معدہ و جگر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد عوام میں ہیپاٹائٹس کے مرض کے متعلق آگاہی فراہم کرنا اور ملتان کے ڈاکٹروںکو جگر کے امراض کے جدید طرز علاج سے روشناس کرانا تھا۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر رانا الطاف احمد کی قیادت میں ہونے والی واک کا آغاز ہیپاٹائٹس کلینک نشتر ہسپتال سے ہوا جو کہ حیات ظفر آڈیٹوریم کے قریب جا کر اختتام پذیر ہوا۔واک کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پرہیپاٹائٹس سے بچاو سے متعلق تدابیر درج تھیں۔
واک میں پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین، پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود، پروفیسر ڈاکٹر فیصل سعود ڈار پی کے ایل آئی لاہور، ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر محمد نبیل سلیم، ڈائریکٹر مینار کینسر ہسپتال ڈاکٹر سعید اختر اور ڈاکٹر یاسر زیدی انچارج شعبہ گیسٹرو اینٹرالوجی سمیت ڈاکٹرز، سٹاف نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
سیمینار میں طبی ماہرین نے غیرمحفوظ انتقال خون، ایک ہی سرنج کے بارباراستعمال، غیر سٹریلائزڈ آلات جراحی اور غیر محفوظ جنسی تعلقات کو اس مرض میں اضافے کی بڑی وجہ قرار دیا۔ ماہرین نے ہیپاٹائٹس کی روک تھام کیلئے صفائی کے اصولوں کو سختی سے اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس لاعلاج مرض نہیں لیکن مرض کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں کسی مستند ڈاکٹر سے علاج کرانا بہت ضروری ہے۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف نے واک اور سیمینار کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس موذی مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا، آگاہی پروگرامز کا انعقاد اور ایک مربوط سکریننگ پروگرام کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے عوام میں شعور اجاگر کرنے میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے کردار کو بھی سراہا۔