ملتان،26 جولائی (اے پی پی):مون سون بارشوں نے ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا کام بڑھا دیا۔شدید بارشوں نے مختلف شاہراہوں اور چوکوں پرکیچڑ اور گارے کے ڈھیر لگا دئے ہیں۔سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی امیرحسن نے آپریشنل سٹاف کو کیچڑ صفائی آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔امیر حسن نے کہا ہے کہ بازاروں اور سڑکوں پر کیچڑ پیدل چلنے والوں کے لئے مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔اس کے علاوہ شاہراہوں پر موجود کیچڑ موٹر سائیکل سواروں کے لئے حادثات کا باعث بن سکتا ہے۔
سی ای او نے کہا ہے کہ شاہراہوں پر موجود کیچڑ بارش کے پانی کی نکاسی میں بھی رکاوٹ پیدا کرتا ہے۔امیرحسن نے ہدایت کی ہے کہ شہر کی سڑکوں اور گلیوں سے کیچڑ اور گارا اٹھانے کے لئے مشینری استعمال کی جائے اور مون سون بارشوں کے دوران کیچڑ صفائی آپریشن جاری رکھا جائے۔دوسری طرف سی ای او امیر حسن کی ہدایت پر شاہین مارکیٹ اور حضوری باغ روڈ پر کیچڑ صفائی آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
واٹر ورکس روڈ، مچھلی منڈی اور دولت گیٹ کے ایریا میں بھی آپریشن جاری ہے۔کمپنی ورکرز مینول طریقے سے بھی سڑکوں سے کیچڑ ہٹانے میں مصروف ہیں جبکہ فرنٹ بلیڈ ٹریکٹرز کے ذریعے پانی سے کوڑا بھی نکالا جارہا ہے۔











