میرپورخاص؛ آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی سربراہی میں محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس، سیکورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا

2

میرپورخاص،28 جولائی (اے پی پی): آئی جی سندھ غلام نبی میمن  کی سربراہی میں میرپورخاص رینج میں محرم الحرام کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی میرپورخاص ذوالفقار علی مہر اور میرپورخاص ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اہل تشیع علماء، ذاکرین اور منتظمینِ جلوس و مجالس پر مشتمل چھ رکنی وفد نے شرکت کی۔

اجلاس میں یکم تا عاشورہ محرم اور بعداذاں چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر ترتیب دیئے جانیوالےپلان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اپنی جانب سے مزید ضروری تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔

وفد کے اراکین نے رواں سال یکم تا دس محرم پولیس کی جانب سے فول پروف   پلان کی ترتیب اور اسکے تحت اختیارکردہ مجموعی سیکیورٹی اقدامات پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور اپنی جانب سے پولیس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

 اس موقع پر اجلاس میں شریک وفد نے یہ بھی یقین دلایا کہ وہ باہمی محبت اخوت اوربھائی چارگی کی فضاء کو ناصرف پروان چڑھائیں گے بلکہ باہمی روابط کو مذید تقویت دیتے ہوئے ضلعوں کی سطح پر بین المسالک/مکاتب ہم آہنگی کے فروغ جیسے اقدامات کو اسکی روح کے مطابق انفرادی اوراجتماعی کاوشوں سے بھی یقینی بنائیں گے۔

آئی جی سندھ نے  ڈی آئی جی میرپورخاص کو ہدایات دیں کہ مرتب کیئے جانیوالے محرم پلان میں یکم تا عاشورہ محرم کے سیکیورٹی اقدامات سمیت چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر بھی تمام جلوسوں،مرکزی جلوس،مجالس ودیگر اجتماعات کی سیکیورٹی کو انتہائی ٹھوس اور فول پروف بنایا جائے اور اس حوالے سے رینجرز سندھ وقانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں/انٹیلی جینس ایجینسیوں سے مربوط روابط پر خصوصی فوکس رکھا جائے جبکہ محرم پلان کی ترتیب میں اہل تشیع اور اہلسنت علماء/ذاکرین کی جانب سے پیش کردہ تجاویز اور مشاورت کو بھی شامل کیا جائے۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن  نے اجلاس کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں لوگوں کے ساتھ احسن سلوک اور برتاؤ جیسے عمل کو ہر سطح پر فروغ دینا ہوگا اورانفرادی و اجتماعی سطح پر صبروتحمل اورقوت برداشت کو مذید تقویت دینا ہوگی جوکہ بلاشبہ حقیقی امن وخوشحالی کے متقاضی ہیں۔

اجلاس کے اختتام پر وفد کے شرکاء نے ملک وقوم کی ترقی خوشحالی اور سالمیت کی مشترکہ طور پر دعا کی۔