نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل سکلز کی تعلیم دینا وقت کی اہم ضرورت ہے؛ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان

8

لاہور، 30 جولائی ( اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل سکلز کی تعلیم دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،مسلم لیگ ن نے اپنے سابقہ ادوارمیں طلباءمیں لیپ ٹاپس، ارفع کریم آئی ٹی ٹاور اور اور پی آئی ٹی بی کو بااختیار بنانے جیسے اقدامات اٹھائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں National Action Plan of NICs اور فیڈرل ای ٹی منسٹری کی زیر سرپرستی چلنے والے کوڈی سکلز یوتھ ایمپاورمنٹ ٹریننگ پروگرام کا افتتاح کے موقع پر کیا ۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت 20 لاکھ نوجوانوں، گھریلو خواتین اور مختلف پیشوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایمرجنگ ٹیکنالوجی اور فری لانسنگ کی ٹریننگ دی جائے گی۔

گورنر محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، امید کرتا ہوں یہ پروگرام نوجوانوں کی بہتری کا باعث بنے گا۔انہوں نے  کہا کہ طلباء کو پڑھانے والے کورسز جدید تقاضوں کے مطابق ہونے چاہئیں، اساتذہ کو نوجوانوں کو تعلیم دینے کے ساتھ ان کی کردار سازی پہ خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پروگرام  کے ذریعے نوجوان نسل کو با اختیار بنانا اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے ،  پروگرام سے آئی ٹی اسپورٹ میں اضافہ کرنے کے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔

تقریب کے آخر میں گورنر پنجاب نے CodiSkills Youth Empowerment کے پلیٹ فارم سے نیشنل کوڈنگ مقابلے کے آغاز کا  اعلان بھی کیا۔ مقابلے کا مقصد پورے ملک سے طلبہ اور طالبات کو کمپیوٹر پروگرامنگ  میں  ٹیلنٹ ہنٹ کر کے  انٹرنیشنل لیول پر متعارف کرانا ہے۔

تقریب  میں پروفیسر ڈاکٹر یاسر ایاز چیئرمین  نسٹ نیشنل سینٹر فار آرٹیفیشل انٹیلیجنس،  ڈاکٹر وجاہت قاضی کامسیٹ یونیورسٹی، سی ای او علم کی دنیا غلام علی ، انڈسٹریل ایکسپرٹس  اور تعلیمی ماہرین  نے شرکت کی۔