فیصل آباد، 24 جولائی (اے پی پی):مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ کل سے ہم دیکھ رہے ہیں کہ پی ٹی آئی والے دن رات اس بات کی تکلیف سے گزر رہے ہیں کہ ن لیگ انصاف اور اپنا حق کیوں مانگ رہے ہیں اور اپنے ساتھ ہونیوالی زیادتیوں کے ازالے کا مطالبہ کیوں کررہی ہے حالانکہ انصاف لینا اور انصاف مانگنا ہر پاکستانی کا حق ہے اسلئے ہم نے کوئی ناجائز، غیر آئینی، غیر جمہوری، غیر قانونی مطالبہ نہیں کیابلکہ ہم تو انصاف مانگ رہے ہیں اور اپنے ساتھ ہونیوالی زیادتیوں کے ازالے کی درخواست کررہے ہیں۔
اتوار کی سہ پہرفیصل آباد میں اپنی رہائش گاہ پرمیڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن عدالتوں کامکمل احترام کرتی ہے لیکن انصاف کے مطالبے پر تحریک انصاف کو تکلیف ہورہی ہے اور عمران خان اداروں کے خلاف مسلسل مذموم مہم چلارہے ہیں جو نہ صرف زبان دراز بلکہ گالی کی سیاست کرتے ہیں جبکہ ہمیں حیرت ہے کہ فل کورٹ کے مطالبے پر عمران خا ن کیوں پریشان ہو رہے ہیں،کیا پی ٹی آئی کو سپریم کورٹ پر اعتبار نہیں۔
مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں کسی کو بھی لاڈلا بنانے کا سلسلہ بند کیا جانا چاہیے، نیزاگر عمران خان کا خط اہم تھا تو چودھری شجاعت حسین کا خط بھی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ پاکستان کے استحکام کو ترجیح دی ہے لیکن پی ٹی آئی کی روش اس سے مختلف ہے۔انہوں نے کہا کہ خان صاحب آپ تو اس عدالت کو طعنے دیا کرتے تھے کہ یہ رات بارہ بجے کھل جاتی ہے لیکن یہ نہیں بتاتے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آج تک کیوں نہیں ہوسکا لہٰذاہر کوئی یہ سوچنے سمجھنے پر مجبور ہے کہ یہ صرف پاکستان میں ایک ہی لاڈلا ہے جس کو یہ سہولت حاصل ہے کہ اس کی جیب میں اسرائیلی پیسے ہوں یا انڈین پیسے ہوں اس کا کوئی حساب نہیں مگر اگر کوئی اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لے تو وہ تاحیات نااہل ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ ہم اتنے تو سوتیلے اور برے نہیں ہیں بلکہ ہم وہ پاکستانی ہیں جنہوں نے اپنی حکومتیں، اپنی ذات اور اپنی کئی چیزیں اس پاکستان کیلئے قربان کی ہیں اورہماری خدمات ایٹمی پاکستان سے لیکر سی پیک اور پاکستان کے ہر گلی محلے میں ہونیوالے ترقیاتی کاموں سے عبارت ہیں مگر دوسری طرف لاڈلے اور سوتیلے بنانے سے ظلم ہوا ہے یہی نہیں بلکہ پاکستان کی 70 سال کی تاریخ بھری پڑی ہے،بلیک ڈکشنری سے ہمارے خلاف فیصلہ آیا، ہم سے سوتیلوں جیسا سلوک کیا گیا لیکن ہم پاکستان کی خاطر چپ رہے۔انہوں نے کہا کہ واٹس ایپ جے آئی ٹی بنی ہم خاموش رہے اور اسی طرح کئی ایسے جج لگائے گئے جو کمپرومائزڈ تھے جن کو بلیک میل کیا گیامگر ہم چپ رہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ہماری گزارش ہے کہ پوری سپریم کورٹ کا فل بینچ بیٹھے اوروزیراعلیٰ پنجاب والا معاملہ دیکھے جس پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے لیکن اگرکسی کو کوئی اعتراض ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ عدلیہ کی بالادستی پر یقین کے بجائے پسند کا فیصلہ چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ کوئی غیر آئینی غیر جمہوری مطالبہ نہیں کیاکیونکہ انصاف لینا اور انصاف مانگنا ہر پاکستانی شہری کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ حالات نے ہمیں نئی مسلم لیگ بنا دیا ہے ایسی مسلم لیگ جو اپنا حق ہر صورت لے گی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ ہمارا مطالبہ بڑا سادہ سا ہے کہ کسی کو لاڈلا یا سوتیلانہ بنایا جائے بلکہ انصاف سب کیلئے یکساں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کا 8 سال سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں ہوا اسے کیوں لیٹ کیا جارہا ہے اس پر بھی قوم میں بڑے شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں اسلئے یہ فیصلہ جلد از جلد ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا کیس فل کورٹ سنے تاکہ کسی کو انصاف کی فراہمی کے حوالے سے کوئی ابہام نہ رہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ ہمیں دیوار سے لگایا جارہا ہے لہٰذا اب ہم نے ٹھان لی ہے کہ ہم کسی زیادتی پر خاموش نہیں رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ نیازی نے چور اور چتر والے محاورے کو سچ کردیاکیونکہ ان کی زبان چلتی ہے اور وہ گالی دیتے ہیں لیکن ان کو کوئی کچھ نہیں کہتاچاہے ان کے گھر کا نقشہ ہو، جعلی فارن فنڈنگ ہو،ان کے سیکنڈل ہوں لیکن پھر بھی ان کے ساتھ لاڈلوں والا سلوک کیا جاتاہوتو ہم پوچھتے ہیں کہ آخرایسا کیوں اور کب تک ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم مزید ایسا عمل جاری رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔