وزیراعلی حمزہ شہبازکی ہدایت کے مطابق ڈینگی کی صورتحال پرقابوپانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں؛ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق

4

لاہور،07جولائی ( اے پی پی ):  صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ڈینگی انسدادای سرگرمیو ں میں کوتاہی برتنے والے متعلقہ محکمہ جات کو آخری وارننگ دی جارہی ہے یہ وقت ڈینگی کاانتظارکرنے کا نہیں بلکہ قابوپانے کیلئے پیشگی اقدامات اٹھانے کا ہے، وزیراعلی پنجاب حمزہ شہبازکی ہدایت کے مطابق ڈینگی کی صورتحال پرقابوپانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران صوبہ بھرمیں ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے رپورٹ ہونے والے ہرکیس کو رسپونس کیاجارہاہے جبکہ تمام متعلقہ محکمہ جات ڈینگی کے ڈیش بورڈ کو مسلسل مانیٹرکریں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیموں کوگھروں کی سرویلنس کیلئے مزیدمتحرک کیاجارہاہے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈینگی کی انسدادای سرگرمیوں بارے تھرڈپارٹی ویلی ڈیشن کروائی جارہی ہے، پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے زیر علاج مریضوں میں سے کوئی بھی تشویشناک حالت میں نہیں ہے،جنوری سے ابھی تک پنجاب میں ڈینگی کے باعث کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے 4202بسترمختص کئے گئے ہیں، محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ عوام بھی اپنے گھروں کی صفائی ستھرائی کویقینی بناکرڈینگی کے خاتمہ کیلئے کرداراداکریں۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ  ہمیں لاہورمیں ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے تمام ترتوانائیاں استعمال کرنی ہوں گی۔تمام ڈپٹی کمشنرزڈینگی عملہ کی آئی آرایس اورفوگنگ کی تربیت دوبارہ کروائیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ڈاکٹرعثمان انور،ڈائریکٹرسی ڈی سی ڈاکٹرشاہدحسین مگسی،ڈپٹی سیکرٹری ورٹیکل پراگرامز سیدہ رملہ،آئی پی ایچ سے ڈاکٹررزاق انجم اور پی آئی ٹی بی کے افسران نے شرکت کی۔