خیرپور، 08 جولائی( اے پی پی): مون سون کی بارشوں کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کے جانب سے مقررہ فوکل پرسن نواب علی وسان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مون سون کے پیش نظر سندھ میں ایمرجنسی نافذ کرکے متعلقہ محکموں کے افسران کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں، تمام اداروں کو الرٹ کیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ڈی سی آفس کے دربار ہال میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے فوکل پرسن نواب علی وسان نے کہا کہ سیاست سے ہٹ کر عوامی خدمت کے نصب العین پر عمل پیرا ہیں، مون سون کے نتیجے میں تمام افسران بنا تفریق رنگ و نسل عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے نتیجے میں جس علاقے میں بھی مالی، جانی نقصان ہوا ہے اس کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز تصاویر کے ساتھ مکمل تخمینہ لگا کر رپورٹ دیں تاکہ متاثرین کی سندھ حکومت بھرپور مدد کرسکے۔
نواب علی وسان نے ہدایت دیں کہ عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی، مساجد، امام بارگاہوں، عید گاہوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کانٹیجنسی پلان پر عمل درآمد کیا جائے۔ سول اسپتال اور دیگر اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف مقرر کرکے ادویات کی وافر مقدار کو موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سیف اللہ ابڑو، اے ڈی سی ضمیر جاگیرانی، اقبال حسین جنڈران،آٹھوں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز،ایڈمنسٹریٹرظفر پھلپوٹو، صحت، پبلک ہیلتھ، روینیو، ٹاؤن آفیسرز سمیت دیگر متعلقہ محکموں نے شرکت کی۔