وفاقی وزیر برائے بحری امور سید فیصل علی سبزواری سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ذہنگ منگ کی ملاقات

7

اسلام آباد،21جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور سید فیصل علی سبزواری سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ذہنگ منگ نے جمعرات کو ملاقات کی جس میں ایس سی او کے مستقبل کے علاقائی تعاون اور ایس سی او کے رکن ممالک کیلئے کثیرالجہتی نقل و حمل کی سہولت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  ایس سی او سیکرٹریٹ کے ماہر لی شوانگ جبکہ پاکستانی وفد میں وفاقی سیکرٹری برائے بحری امور مطہر نیاز رانا، میری ٹائم امور کے ایڈیشنل سیکرٹری اسد رفیع چندنا اور چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی ریئر ایڈمرل (ر) سیّد حسن ناصر شاہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ بحری امور کے وزیر نے سیکرٹری جنرل کا اپنے دفتر میں خیرمقدم کیا اور خطے اور خاص طور پر پاکستان کیلئے تعاون اور ترقی کی راہیں لانے میں ایس سی او کے کردار کی اہمیت کو تسلیم کیا۔

 وفاقی وزیر نے علاقائی تعاون اور روابط کیلئے مستقبل میں زیادہ سے زیادہ مواقع حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ایس سی او کے سیکرٹری جنرل ذہنگ منگ نے وفاقی وزیر کو سیکرٹری جنرل کا چارج سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے دورہ پاکستان کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستان جغرافیائی تزویراتی لحاظ سے خطے کیلئے بہت اہم مقام ہے اور ایس سی او تنظیم  مضبوط روابط، تعاون اور ترقی کا پختہ ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک میں کنیکٹیویٹی کو فروغ دینے اور مؤثر ٹرانسپورٹ کوریڈور بنانے کے مقصد کے ساتھ ایس سی او خلا میں بین الاقوامی ٹرانسپورٹ کوریڈورز کا نیٹ ورک بنانے میں تعاون کرنے پر زور دیا اور بین الاقوامی ملٹی موڈل ٹرانسپورٹیشن، ریل ٹرانسپورٹ، روڈ ٹرانسپورٹ کیلئے سازگار ماحول تیار کرنے اور پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ کرنے میں بھی تعاون پر زور دیا۔

 وفاقی سیکرٹری برائے بحری امور مطہر نیاز رانا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس با ت کو تسلیم کیا کہ افغانستان خطے کی مجموعی سلامتی کیلئے انتہائی اہم ہے اور پاکستان ایس سی او کے ساتھ بہتر تعاون کیلئے کوشاں ہے۔ سیکرٹری نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ وزارت اگلے ماہ  اگست میں کنٹینرز کی کراس سٹفنگ شروع کرنے جا رہی ہے جس سے علاقائی ٹرانسپورٹ کے نئے امکانات سامنے آئیں گے۔ مزید برآں انہوں نے مستقبل میں زیادہ توجہ مرکوز کرنے کی تجویز دی۔

 چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی ریئر ایڈمرل (ر) سیّد حسن ناصر شاہ نے  کہاکہ یورپی تعاون کی طرح ایس سی او بھی ہم خیال شرکاء کا ایک پلیٹ فارم ہے جو پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے معیاری پیشہ ورانہ استعداد، بحری تجارت کیلئے مشترکہ تربیت اور طویل مدتی پیشرفت کیلئے لاجسٹکس پر زور دیا جسے سیکرٹری جنرل نے سراہا۔