پاکستان اورترکی ہر موسم کے حقیقی دوست ممالک ہیں، ترکی کے ساتھ تعلقات ایک بار پھر بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں؛وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز شریف

8

لاہور، 7 جولائی (اے پی پی ):  وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اورترکی ہر موسم کے حقیقی دوست ممالک ہیں، ترکی کے ساتھ تعلقات ایک بار پھر بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ترکی کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل برائے یورپی یونین و فارن افیئرز سیلامی کیلک( Selami Kilic) کی سربراہی میں وفد سے گفتگو میں کیا۔ ترکی کے قونصل جنرل امیر اوزبے ( Emir Ozbay)  بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور شعبہ صحت میں تعاون بڑھانے  پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں فیملی میڈیسن سسٹم،نرسنگ،ویکسینیشن اور  ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتیں کی فراہمی کے لئے تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کرنا ہمارا مشن ہے، معیاری ہیلتھ کیئر سسٹم کے لیے ترکی کے تجربے سے مزید استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے دور وزارت اعلیٰ میں ترک وزارت صحت نے شعبہ صحت میں پنجاب حکومت کی بھرپور معاونت کی۔

ترکی کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل برائے یورپی یونین و فارن افیئرز سیلامی کیلک نےوزیراعلیٰ حمزہ شہبازشریف کو ترکی کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ شعبہ صحت کی بہتری کے لئے پنجاب حکومت کے ساتھ پہلے بھی تعاون کیا، آئندہ  بھی کریں گے۔

صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، خواجہ احمد حسان ، لیگل ایڈوائزر علی رضا، چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات،سیکرٹری صحت  اور اعلی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔