پاک بحریہ کیلئے تیار کیے جانے والے جدید ترین جنگی بحری جہاز کی اسٹیل کٹنگ تقریب ڈیمن شپ یارڈ رومانیہ میں منعقد

1

اسلام آباد،16جولائی(اے پی پی):پاک بحریہ کیلئے تیار کیے جانے والے جدید ترین جنگی بحری جہاز کی اسٹیل کٹنگ کی تقریب ہفتہ کو یہاں رومانیہ کے ڈیمن شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔ رومانیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

 ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ جہاز جدید ترین ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی سے لیس ہو گا۔اسی طرز کے دیگر دو جہاز پی این ایس یرموک اور پی این ایس تبوک پہلے ہی پاک بحریہ میں شامل ہوچکے ہیں۔

تقریب سے خطاب میں سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال نے بحری امن و استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو اجاگر کیا اور ڈیمن شپ یارڈ کی پیشہ وارانہ مہارت اور پاک بحریہ کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پر شپ یارڈ انتظامیہ کی تعریف کی۔

 ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ان جہازوں کی پاک بحریہ میں شمولیت سے سمندری امور کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔