پاک فضائیہ ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت اورِمذموم ارادے کا بروقت جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،ائیر مارشل محمد زاہد محمود

7

اسلام آباد،01جولائی(اے پی پی):پاک فضائیہ کے  نائب سربراہ ائیر مارشل محمد زاہد محمود نے کہا ہے کہ  پاک فضائیہ ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت اورِمذموم ارادے کا بروقت جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے  اور کہا ہماری مسلح افواج علاقائی سالمیت اور قومی خودمختاری کے دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار   مہمان خصوصی  ائیر مارشل محمد زاہد محمود نے جمعہ کو ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے نور خان آڈیٹوریم میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کورس شرکاء سے خطاب  کرتے ہوئے کیا۔

 ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق  حاضرین سے خطاب کے دوران نائب سربراہ پاک فضائیہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں فراہم کردہ تعلیم و تربیت کے معیار کو سراہا۔ سلامتی کے موجودہ چیلنجز اور تکنیکی جدت پر بات کرتے ہوئے نائب سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستانی مسلح افواج کی جنگی صلاحیتوں پراعتماد کا اظہار کیا۔

بعد ازاں، نائب سربراہ پاک فضائیہ ائیر مارشل محمد زاہد محمود نے کورس شرکاء سے تبادلہ خیال بھی کیا۔