پنجاب پولیس کی جانب سے ضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے تیاریاں مکمل، کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا

6

لاہور، 16 جولائی ( اے پی پی ): پنجاب پولیس کی جانب سے ضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئیں اور اس ضمن میں  کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا  ہے ۔

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی نے اس حوالے  سے  کہا ہے کہ  14 اضلاع کے 20 حلقوں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں گے،ضمنی انتخابات کے 3100 سے زائد پولنگ اسٹیشنز پر 52 ہزار سے اہلکار و افسران تعینات کیے گئے ہیں، خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر لیڈی پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے 4 حلقوں میں 9 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے، سیف سٹی کیمرے مانیٹرنگ میں مدد دینگے۔

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی  نے کہا کہ ضمنی انتخابات کی سکیورٹی پر تعینات افسران و اہلکار ایس او پیز کے مطابق آج سے ہی فرائض کی ادائیگی یقینی بنائیں گے، الیکشن کی مانیٹرنگ کے لیے سنٹرل پولیس آفس اور ضلعی سطح میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ اسلحے کی نمائش، پرائیویٹ مسلح افراد، بینر اور مخالفین کے کیمپس اکھاڑنے اور لڑائی جھگڑے کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔

 آئی جی پنجاب نے کہا کہ انتخابی سامان اور بیلٹ پیپرز کی بحفاظت ترسیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، نقص امن کا باعث بننے والے عناصر قانون کی گرفت میں ہونگے، الیکشن کمیشن کو پوری معاونت فراہم کی جائے گی، ہر انتخابی حلقے میں اینٹی رائٹس فورس اور ایلیٹ فورس کے جوان الرٹ رہیں گے، تمام جماعتوں کے امیدواروں سے بلاامتیاز شورٹی بانڈز لے لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نتائج کے اعلان کے بعد لڑائی جھگڑے، ہوائی فائرنگ نہیں کرنے دی جائے گی۔

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی نے کہا کہ  ضمنی انتخابات کے حلقوں میں پولیس کے فلیگ مارچ جاری ہیں ، لاہور اور ملتان میں خصوصی اقدامات ہوں گے ۔انہوں نے  پولیس افسران کو مکمل دیانتداری اور غیر جانبداری سے قومی ذمہ داری ادا کرنے کے واضح احکامات دیے اور کہا کہ فیلڈ افسران اپنے ذاتی کنڈکٹ کے خود ذمہ دار ہونگے، کسی قسم کی کوتاہی اور اختیارات سے تجاوز برداشت نہیں کیا جائے گا، اسپیشل برانچ اور حساس ادارے ڈیوٹی پر مامور اہلکار و افسران کی کارکردگی کی خفیہ نگرانی کریں گے۔