اسلام آباد،30جون (اے پی پی):حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیاہے،پیٹرول کی نئی قیمت 14روپے 85پیسے اضافے سے 248روپے 74پیسے لیٹر ہوگئی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 13روپے 23پیسے اضافہ کیا گیا ہے، نئی قیمت 276روپے 54پیسے ہوگئی۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے جمعرات کو یہاں وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں بتایا کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے 68 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 226 روپے 15پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔مٹی کے تیل کی قیمت میں 18 روپے 83 پیسے کا اضافہ ہوا ہے اور نئی قیمت 230روپے 26 پیسے ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 10 روپے فی لیٹر عائد کی گئی ہے جبکہ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر 5، 5 روپے پیٹرولیم لیوی عائد کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12بجے سے ہوگا۔