چترال ؛ انجینئر امیر مقام کا سیلاب سے متاثرہ علاقے کا دورہ ، عوام کو فوری ریلیف دینے کا اعلان

14

چترال ، 14 جولائی  (اے پی پی ):ضلع اپر چترال میں ریشن کے مقام پر سیلاب کی وجہ سے مین شاہراہ پچھلے ایک ہفتے سے کٹ چکی  ہے جس کے نتیجے میں ضلع اپر چترال کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کے مشیر انجینئر  امیر مقام نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور عوام کو فوری ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا۔

انجینئر  امیر مقام کے آمد پر علاقے کے لوگوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ متاثرین نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ ریشن کو بار بار سیلاب کی تباہی سے بچانے کیلئے دریا کے کنارے حفاظتی دیواریں تعمیر کی جائے  اور جن لوگوں کے گھر اور زمین  پچھلے سال متبادل سڑک کیلئے  لی گئی تھی  اور ان کو فوری معاوضہ  ادا کیا جائے۔ انہوں نے  یہ بھی مطالبہ کیا کہ جن لوگوں کی زمین اس  سال متبادل راستے کیلئے لی جائے گی  ان کو پیشگی ادا کی جائے۔

اس موقع پر  انجینئر  امیر مقام نے متاثرہ لوگوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ چترال میں ان کے پارٹی کا کوئی رکن اسمبلی یا ناظم منتحب  نہیں ہوا ہے  مگر اس کے  باوجود  وہ صوبائی حکومت کے کسی نمائندہ سے  بھی پہلے ریشن پہنچے ہیں   کیونکہ وہ چترال کے لوگوں کے ساتھ دلی محبت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ  متاثرین کو آدھا معاوضہ مرکزی حکومت ادا کرے گی اور بقایا آدھا صوبائی حکومت ادا کرے۔ انہوں نے این ایچ اے کے عملہ پر زور دیا کہ وہ سڑک کی مرمت پر فوری کام شروع کرے۔