چنیوٹ،30 جولائی (اے پی پی ):چنیوٹ پولیس کی جانب سے محرم الحرام میں امن وامان برقراررکھنے کیلئے چنیوٹ شہر کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیاگیا۔فلیگ مارچ کی قیادت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسدالرحمن نے کی۔فلیگ مارچ میں پولیس افسران،ایلیٹ فورس،فالکن سکواڈ نے شرکت کی۔فلیگ مارچ ختم نبوت چوک سے شروع ہوکر چنیوٹ شہر کے مختلف علاقوں سے گزرتا ہوا ختم نبوت چوک میں اختتام پذیر ہوا۔
اس موقع پر ڈی پی او اسدالرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں،فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں کو تحفظ کا احساس دلاناہے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں مجالس،جلوسوں پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جارہے ہیں۔مجالس،جلوسوں پر فور لیئر سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایاجائے گا۔
ڈی پی او اسدالرحمن نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے یکم محرم الحرام سے دس محرم الحرام تک صوبہ بھر میں دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے،اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں دفعہ 144کے نفاذ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔محرم الحرام میں تمام وسائل بروئے کارلاکر امن وامان برقرار رکھا جائے گا۔
ڈی پی او کی ہدایت پر تحصیل بھوانہ،تحصیل لالیاں میں بھی فلیگ مارچ کیا گیا۔فلیگ مارچ کی قیادت ڈی ایس پی لالیاں ذوالفقار حسن،ڈی ایس پی بھوانہ محمد حیات نے کی۔فلیگ مارچ لالیاں،بھوانہ کے مختلف علاقوں سے گزرتا ہوا اختتام پذیر ہوا۔











