اسلام آباد،15جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کابینہ اجلاس پرمیڈیابریفنگ میں کہا ہے کہ سابق حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ کمزور بنیادوں اور سخت شرائط پر معاہدہ کیا، سابق حکومت نے اپنے سیاسی مقاصد کے لئے معاشی بارودی سرنگیں بچھائیں، جب انہیں معلوم ہوا کہ ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے جا رہی ہے تو انہوں نے اس معاہدے کی خلاف ورزیاں کیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس معطل معاہدے کو بحال کیا، اس کے ساتھ ساتھ حکومت نے ایسا بجٹ پیش کیا جس میں عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا پیش کردہ بجٹ ملک کو معاشی خودمختاری کی طرف لے جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ ممبران کو آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب معاہدہ ہونے پر مبارکباد دی اور وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کی ٹیم کو بھی اس سلسلے میں مکمل معاونت فراہم کرنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم کا یقین ہے کہ ملک اس معاشی بحران سے تب نکل سکتا ہے جب ملکی معیشت مستحکم ہوگی، ملک معاشی خودمختاری کی طرف تب جائے گا جب ہم اپنے پیروں پر خود کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2015ء میں نواز شریف کی قیادت میں حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا تھا، وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ پاکستان کے لئے آخری آئی ایم ایف معاہدہ ثابت ہوگا کیونکہ خودانحصاری اور معاشی خودکفالت ہی ہمارا مطمعء نظر ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ ہم سنجیدگی سے اس پروگرام پر عمل کریں اور پاکستان کو معاشی خودانحصاری کی راہ پر گامزن کریں۔