گلیات؛ خیبرپختونخوا پولیس کے جوان خورشید ، نے دو بچوں کو ڈوبنے سے بچا لیا

16

ایبٹ آباد،31جولائی(اے پی پی):گلیات میں خیبرپختونخوا پولیس کے جوان خورشید ، نے دو بچوں کو ڈوبنے سے بچا لیا ، سمندر کٹھہ کے مقام پر صوبہ پنجاب سے آئے سیاح پانی میں رکھی چارپائیوں پر بیٹھے تھے بچی کی چپل پانی میں بہہ گئی جسے واپس لینے کے لیے وہ پانی میں اتری تو ڈوبنے لگی بچی کو ڈوبتا دیکھ کے اس کے بھائی جان بچانے کے لیے پانی میں کود گئے جو خود بھی تیراکی نہ جاننے کی وجہ سے ڈوبنے لگے کہ پاس ہی سیاحوں کی حفاظت و رہنمائی کے لیے موجود تعینات ہزارہ پولیس کے جوان خورشید نے پانی میں چھلانگ لگا دی اور دونوں بچوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔

اس موقع پر موجود سیاحوں اور مقامی افراد نے ہزارہ پولیس کے جوان کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔

کانسٹیبل خورشید جس کا تعلق ضلع بٹگرام سے ہے اور حالیہ سیاحتی سیزن کے دوران ڈونگاگلی تھانہ میں تعینات ہے۔ ضلعی پولیس سربراہ سجاد خان نے کانسٹیبل خورشید کو بہترین خدمات کے صلہ میں ایوارڈ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔