لاہور،16 جولائی (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کی تشدد کے شکار بچے کو ملنے کے لیے چائلڈ پروٹیکشن بیورو آمد۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نےاس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کا سن کر بہت تکلیف ہوئی، ایسے واقعات ہمارے معاشرے کا بد نما داغ ہیں، ایسے رویے ناقابل برداشت ہیں۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے فوراً واقعہ کا نوٹس لیا ہے ، پنجاب حکومت کے بروقت نوٹس سے پولیس حرکت میں آئی اور ملزمان کو گرفتار کیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، بچوں پہ تشدد کو روکنے کے لیے قوانین موجود ہیں، حکومت کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی سماجی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔
بلیغ الرحمان نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ اگر کسی گھر میں بچوں پر تشدد یا کمسن ملازم دیکھیں تو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ہیلپ لائن 1121پر فوری اطلاع دیں تاکہ ظلم اور ناانصافی کو بروقت روکا جا سکے۔
اس موقع پر چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن اور ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن بیورو بھی مو جود تھیں۔گورنر پنجاب نے چائلڈ پروٹیکشن بیوروکے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔