ہماری فوج دنیا کی عظیم فوج ہے جو دہشت گردی کے چیلنج سے پوری طرح نمٹ رہی ہے، سردار تنویر الیاس خان

11

فیصل آباد، 04 جولائی ( اےپی پی): وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر  سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہماری فوج دنیا کی عظیم فوج ہے جو دہشت گردی کے چیلنج سے پوری طرح نمٹ رہی ہے لیکن اس کے برعکس بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بدترین بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور انسانی حقوق کی شرمناک پامالیاں کی جارہی ہیں مگر اس سے کشمیریوں کے جذبہ حریت اور جدوجہد آزادی کو دبایا نہیں جاسکتا۔ اسلئے ہم بھارت کو کہتے ہیں کہ امن کے ساتھ مقبوضہ کشمیر سے نکل جائے وگرنہ وہ ہماری طاقت سے اچھی طرح واقف ہے اور اسے یہ بھی یاد ہونا چاہیے کہ ہم نے ابھی نندن کو ایسی چائے پلائی تھی کہ وہ پوری دنیا میں چائے چائے کرتا پھر رہا ہے۔وہ اتوار کی شام لائلپور وارئیرز پاکستان کی جانب سے اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ‘اے راہ حق کے شہیدو!’ کے عنوان سے کینال پیلس مارکی ویسٹ کینال روڈفیصل آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں ایئر مارشل(ریٹائرڈ) ارشد محمود ملک،ایئر مارشل (ریٹائرڈ) فرحت ایچ خان،آزاد کشمیر کے وزیر ہائر ایجوکیشن ملک ظفراقبال، آزاد کشمیر اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض گجر، پیر مظہرسعید شاہ رکن قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیرو دیگر پارلیمینٹیرینز آزاد کشمیر،فیصل آباد چیمبرز آف کامرس کے عہدیداران، تاجر برادری کے سرکردہ رہنماؤں،حاضر اور ریٹائرڈ فوجی افسران، شہدا کی فیملیز، میجر شاہد بشیر شہید، میجر نثار الماس شہید، کیپٹن ڈاکٹر بلال خلیل شہیدکے عزیز واقارب اور سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ افواج پاکستان کے حوالے سے جب بھی تقریب ہوتی ہے تو میں اس میں شرکت کرنے کی ضرور کوشش کرتا ہوں حالانکہ ابھی ہمارا بجٹ سیشن کلوز ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر گلیشیئر سے شروع ہوکر سیالکوٹ کے بارڈرتک ہے جبکہ اس ملک کے بننے میں انکے بزرگوں کی بے شمار قربانیاں ہیں اوریہ ملک لاالہ الاللہ محمد رسول اللہ کے نام پر بنامگر ہندوؤں کا رویہ ہمیشہ متعصبانہ رہا اور ان کی جانب سے مسلمانوں کے ساتھ نفرت کا مظاہرہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہندوؤں اور سکھوں کو ترقیاں دی گئیں جبکہ مسلمانوں کو انگریزوں کی طرف سے پیچھے رکھا گیاکیونکہ مسلمانوں کا خیال تھا کہ انگریز نے برصغیر ہم سے چھینا ہے اور یہ ہمیں ہی ملنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 1857 کی تحریک آزادی شروع ہوئی تو بہادر شاہ ظفر سے کہا گیا کہ عزت بچانی ہے تو استعفیٰ دیدیں لیکن انہوں نے مقدمہ لڑنے کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ بہادر شاہ ظفر کے خلاف پراپیگنڈہ کیا گیاجبکہ انگریز ہماری تاریخ اور اسلاف کی قربانیوں سے واقف نہیں حالانکہ ہمارے ہاں خالد بن ولید، امام حسین، حضرت عمر اور حضرت امیر حمزہ جیسے عظیم ہیرو موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوؤں کا کام ہمیشہ جھوٹا پراپیگنڈہ کرنا ہے لیکن ہم اس پراپیگنڈے سے نہ کبھی گھبرائے ہیں نہ آئندہ مرعوب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے پانی کے تمام ذخیرے اور تمام راستے کشمیر سے نکلتے ہیں اسلئے بھارت کو چاہیے کہ کشمیریوں کو اپنا فیصلہ کرنے دے۔