17 جولائی کے بعد عمران خان کے 4 بیانیے زمین بوس ہو گئے ، وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر  کی اسلام آباد میں نیوز کانفرنس

5

اسلام آباد۔21جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر نے  جمعرات کو وزیرمملکت  پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاہے کہ 17 جولائی کے بعد عمران خان کے 4 بیانیے زمین بوس ہو گئے۔

وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے افراط زر کی شرح بڑھی ہے،مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل ہوا ہے،ہم پچھلے دو ماہ کے ذمہ دار، پہلے دس ماہ کی ذمہ داری عمران حکومت پر ہے، عام انتخابات 2023 میں ہوں گے،سیاسی اتار چڑھاو جمہوریت  کا حصہ ہے،عمرانی فتنہ سر اٹھاتا ہے تو معیشت ڈگمگانے لگتی ہے،17 جولائی کیلئے جتنے بیانیے بنائے گئے وہ زمین بوس ہوئے،اتحادی آئینی اور جمہوری عمل کے مطابق چل رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن جیتنے والے چیف الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دے رہے ہیں،الیکشن کمیشن پر ان لوگوں نے چڑھائی کررکھی ہے،عمران خان بتائیں کہ 17 جولائی کو امریکی سازش کہاں گئی؟بتائیں کہ ایکس وائے یا نیوٹرلز کی سازش کدھر گئی ،الیکشن کمیشن اور عدلیہ کے بارے میں ان کا بیانیہ بھی زمین بوس ہوچکا ہے ۔