ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد معین مسعودکا چنیوٹ کا دورہ، محرم الحرام میں مجالس،جلوسوں پر سخت سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت

13

چنیوٹ،05 اگست (اے پی پی ): ریجنل پولیس آفیسر فیصل آبادمعین مسعود نے ضلع چنیوٹ کا دورہ کیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ اسدالرحمن نے آر پی او کا استقبال کیا،پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔پولیس کے چاک و چوبند دستے نے آرپی او کو سلامی دی۔آرپی او نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی شہداء پولیس کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

آر پی او معین مسعود نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ اسدالرحمن کے ہمراہ پارلیمینٹرینز سے میٹنگ کی،امن وا مان کی صورتحال و دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔آر پی او نے محرم الحرام کے سلسلہ میں امن کمیٹی ضلع چنیوٹ سے  بھی میٹنگ کی۔آرپی او نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں تمام وسائل بروئے کار لاکر فورلیئر سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایاجارہا ہے،مذہبی رواداری و ہم آہنگی میں امن کمیٹی کا کردار کلیدی ہے۔امن کمیٹی ممبران نے امن و امان کے قیام میں اپنا بھرپور کردار اداکرنے کا اعادہ کیا۔

آر پی او نے ڈی پی او چنیوٹ کے ہمراہ محرم الحرام کے سلسلہ میں پولیس افسران سے بھی  میٹنگ کی۔ڈی پی او اسدالرحمن نے ملٹی میڈیا کے ذریعے محرم الحرام کے حوالے سے مجالس،جلوسوں پر سیکیورٹی انتظامات،حساس مجالس،جلوسوں کے راستوں،حساس پوائنٹس کے حوالے سے بریفنگ دی۔آر پی او نے پولیس افسران کو سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

آر پی او معین مسعود نے ڈی پی او اسدالرحمن کے ہمراہ محرم الحرام چنیوٹ شہر سے برآمد ہونے والے حساس جلوسوں کے راستوں کا بھی دورہ  کیا،سیکیورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔آر پی او نے جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات کی،سیکیورٹی و دیگر انتظامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

آرپی او نے جلوسوں کے داخلی،خارجی راستوں کا دورہ  کیا،سیکیورٹی انتظامات سے متعلق ہدایات دیں۔انہوں   نے حساس مقامات پر ایس او پیز کے مطابق سخت سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں   نے حساس مجالس،امام بارگاہوں کا وزٹ کیا،سیکیورٹی انتظات کا جائزہ لیا،ڈیوٹی پر موجود افسران و جوانوں کو الرٹ ہوکر فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی۔