بارشوں کے نئے متوقع اسپل کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں؛ مشیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو

15

کوئٹہ،05اگست(اے پی پی): مشیر داخلہ بلوچستان  میر ضیا لانگو نے کہا ہے کہ بارشوں کے نئے متوقع اسپل کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں، گزشتہ دنوں کی بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان میں 166 لوگ جاں بحق ہوئے رابطہ سڑکیں بہہ گئیں جس سے بین الصوبائی آمد و رفت متاثر ہوئی، بارشوں نے پورے صوبے کے مواصلاتی نظام کو درہم برہم کردیا ہے، صوبائی حکومت کی اولین ترجیح متاثرین کی مدد و بحالی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ، وزیر آبپاشی حاجی محمد خان لہڑی اور صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری کے ہمراہ   پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا صوبائی وزراءنے کہا کہ حکومت متاثرہ پلوں کی مرمت اور سڑکوں کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہی ہے، دوبڑے ڈیموں کو نقصان پہنچا ہے، مجموعی طور پر سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں 166 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق ہونے والے 90 افراد کے ورثاءکو 10 لاکھ روپے فی کس کے چیک دئیے جا چکے ہیں، اور متاثرہ خاندانوں کو ایک ماہ کا راشن فراہم کردیا گیا ہے۔

 صوبائی وزراءنے سیلابی صورتحال کے دوران امدادی سرگرمیوں میں پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹینٹ جنرل سرفراز علی اور تمام شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا۔