Home National وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ...

وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ ایبک آرٹیک بائیوف کی ملاقات

اسلام آباد،19اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر نوید قمر نے کہا کہ بین الاقوامی تجارت، ٹرانزٹ اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا وہ محور ہے جس کے گرد پاکستان اپنی اقتصادی پالیسیاں وضع کرنا چاہتا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار جمعہ کو یہاں انہوں نے کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ ایبک آرٹیک بائیف سے ملاقات  میں کیا۔ ملاقات کے دوران فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کیا  گیا۔

وفاقی وزیر نوید قمر نے کہا کہ بین الاقوامی تجارت، ٹرانزٹ اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا وہ محور ہے جس کے گرد پاکستان اپنی اقتصادی پالیسیاں وضع کرنا چاہتا ہے۔ نوید قمر نے کہا کہ حکومت کا وژن پاکستان کو تجارت، ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ کا مرکز بنانا ہے جو افغانستان اور اس سے باہر کے ساتھ رابطے کو یقینی بنائے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان نے ازبکستان کے ساتھ ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، اور قازقستان اور تاجکستان کے ساتھ ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ پر بات چیت کر رہے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مالی سال 2021-22 کے دوران دو طرفہ تجارت 4.27 ملین امریکی ڈالر رہی جو دونوں ممالک کے درمیان تجارت کی حقیقی صلاحیت کی عکاسی نہیں کرتی۔

 وزیر تجارت نے کہا کہ پاک کرغزستان ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ فورم کا انعقاد 19 سے 20 اپریل 2022 تک اسلام آباد اور 22 اپریل کو لاہور میں ہوا اور خواہش ہے کہ مستقبل میں ایسی سرگرمیاں مستقل بنیادوں پر ہونی چاہئیں۔ سید نوید قمر نے کہا کہ مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام سے متعلق ایم او یو کا مسودہ جمہوریہ کرغزستان کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے اور ان کے جواب کا انتظار ہے۔ کرغزستان کے نائب وزیر خارجہ نے پاکستانی فریق کو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وہ اس سلسلے میں عملی اقدامات کریں گے۔

وزیر کے دفتر میں ہونے والی میٹنگ میں سپیشل سیکرٹری کامرس ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن اور ایڈیشنل سیکرٹری سید حماد علی نے بھی شرکت کی۔

Exit mobile version