آزادی ایک گراں قدر اور پیش قیمت نعمت ہے،14اگست پر ہمیں بڑھ چڑھ کر شجرکاری کرنی چاہیے؛پروفیسر محمد اعظم حسین

9

ملتان، 12 اگست (اے پی پی): نامور ماہر تعلیم پروفیسر محمد اعظم حسین نے کہا  ہے کہ آزادی ایک گراں قدر اور پیش قیمت نعمت ہے ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے، ہماری ترجیحات میں پاکستان پہلے ہونا چاہیے، ہمیں چاہیے کہ اس دن فضول کاموں میں پیسے خرچ کرنے کے بجائے ہم درخت لگائیں، پاکستان کو سرسبز اور شاداب بنائیں تاکہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے محفوظ رکھ سکیں۔

 پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے پر اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے پیغام میں پروفیسر محمد اعظم حسین نے کہا کہ پاکستان کا مضبوط اور ناقابل تسخیر دفاع ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی خوشحالی کے لیے ہمیں اپنے آپ پر اور اپنے وسائل پر انحصار کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہم یوم آزادی عزت و احترام کے ساتھ مناتے ہیں، ہم شہداء آزادی اور وہ لوگ جنہوں نے پاکستان کے قیام کے جدوجہد میں ان تک محنت کی اور قائداعظم کا بھرپور ساتھ دیا ہم سب انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا اس عزم کے ساتھ کرتے ہیں کہ میری تمام ترجیحات پاکستان کی ترقی کے لئے ہے۔

پروفیسر محمد اعظم حسین نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک اور پرامن ملک ہے اور پاکستانی عوام بھی امن پسند ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام عالم کی آزادی پر بھی یقین رکھتا ہے، پاکستان پس ماندہ اور مظلوم اقوام کی حمایت بھی کرتا ہے۔

پروفیسر نے کہا کہ ہم کشمیری لوگوں کی جرت اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، وہ دن دور نہیں کہ جب کشمیر آزادی اور خودمختاری کے ساتھ ایک الگ ریاست ہوگی جو کہ پاکستان کے ساتھ ہوگی۔