اوکاڑہ،30اگست (اےپی پی):انجمن تاجران ضلع اوکاڑہ نے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے محبوب عالم چوک میں فنڈ جمع کرنے کے لیے کیمپ لگا لیا ہے جس میں لوگوں نے نقد رقوم ، کپڑے اور اشیاء ضروریہ کا سامان جمع کروانا شروع کر دیا ہے۔ اس موقع پر شیخ ریاض نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم کو سیلاب زدگان کی امداد کے لئے متحرک ہو جانا چاہیئے کیونکہ یہ دنیا کی سب سے بڑی نیکی ہے۔ انہوں نے ملک بھر کی انجمن تاجران سے مطالبہ کیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر سیلاب زدگان کے لئے راشن،کپڑے،پینے کا صاف پانی اور دیگر اشیاء ضروریہ اکٹھی کرکے مشکلات میں گھِرے ہوئے لوگوں تک پہنچا کر نیکیاں کمائیں۔
سیلاب زدگان کی امداد کےلئے لگائے گئے کیمپ میں انجمن تاجران کے رہنما چوہدری فیصل، ملک لیاقت علی، واجد علی رانا ماجد نوشاہی سمیت درجنوں تاجروں نے شرکت کی اور مالی امداد میں حصہ ڈالا۔