اوکاڑہ؛تاجر برادری کاروباری مراکز کو ڈینگی فری بنانے میں محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں؛ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا

11

اوکاڑہ،21اگست(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ڈینگی وائرس کے تدارک کی کاوشیں معاشرہ کے اجتماعی مفاد کے لئے ہیں اور ہمیں ان کاوشوں کو ثمرآور بنانا ہے، بارش کی غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر ڈینگی وائرس کا خطرہ بڑھ رہا ہے جس کے لیے احتیاطی تدابیر ہی بہترین حکمت عملی ہے، تاجر برادری اجتماعی طور پر انسداد ڈینگی مہم میں شامل ہو اور تمام کاروباری مراکز ڈینگی فری بنانے میں محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی انجمن تاجران کے چیئرمین عبدالحمید جج جنرل سیکریٹری ملک محمد اشرف کی سربراہی میں ملنے والے وفد کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفد میں نائب صدر محمد سرور محمد ریاض سمیت تاجر تنظیموں کے دیگر عہدیدار بھی شامل تھے ۔

تاجروں نے انسدادِ ڈینگی خدمات میں ضلعی انتظامیہ کی بھرپور معاونت اور مدد کے عزم کا اعادہ کیا اور کہاکہ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں مرکزی انجمن تاجران اپنی 72ذیلی تنظیموں کے ساتھ مل کر ضلع کو مکمل طور پر ڈینگی اور پولیوفری بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

 ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے تاجروں کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہم مل جل کر اپنے شہروں، قصبات اور کاروباری مراکز کو صاف ستھرا رکھ کر اور مچھروں کی افزائش کے مقامات ختم کر کے اس آفت سے چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔