اوکاڑہ،28اگست(اے پی پی): گلوبل بریسٹ فیڈنگ ویک کے موقع پر محکمہ صحت کے زیر اہتمام آگہی سیمینار منعقد ہوا جس میں ماں کے دودھ کی افادیت کے متعلق آگہی دی گئی ،جس کے مہمان خصوصی ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری طارق ارشاد تھے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر مہار اختر حسین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید میں ماں کے دودھ کے متعلق واضح احکامات موجود ہیں، جدید سائنس نے بھی بچے کے لیے ماں کے دودھ کی افادیت کو مسلمہ حقیقت قرار دیا ہے ، اللہ تعالی نے ہمیں ہدایت اور رہنمائی کے لیے پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺ پر وہ کتاب نازل کی جو رہتی دنیا تک روشنی کا مینار ہے۔انہوں نے کہا کہ ماں اور بچے کا رشتہ انمول و اٹوٹ ہے، ماں اگر اپنے بچے کو مقررہ مدت تقریباََ دوسال تک باقاعدہ دودھ پلاتی ہے تو وہ اسکی صحت کے لیے بھی اتنا ہے فائدہ مند ہے جتنا کہ معصوم بچے کی صحت کے لیے ہے۔
سیمینار میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر (آئی آر ایم این سی ایچ ) ڈاکٹر ذوالفقار علی ،مانیٹرنگ آفیسر محمد افضل کمیانہ نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کے افسران و عملہ ضلع میں جاری گلوبل بریسٹ فیڈنگ ویک 29اگست سے3 ستمبرکے دوران مراکز صحت پر آنے والی خواتین کو بریسٹ فیڈنگ کی افادیت بارے مکمل آگہی فراہم کریں تاکہ عوام کو ماں کے دودھ کی اہمیت اور بچے کے لئے اس کے فوائد کے بارے میں معلوم ہو سکے۔
اس موقع پر سماجی تنظیم ’ماڈا‘ کے صدر/جرنلسٹ محمدمظہررشید چودھری،جنرل سیکرٹری ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان عابد حسین مغل ،سینئر صحافی اظہر شیخ، میاں شیراز اور ضلع بھر کی لیڈی ہیلتھ سپروائزر اور ورکرزنے شرکت کی،اس موقع پر گلوبل بریسٹ فیڈنگ کے بارے میں آگہی بینرز و پوسٹر بھی آویزاں کئے گئے۔تقریب کے اختتام پر گلوبل بریسٹ فیڈنگ ویک کے حوالے سے علامتی آگہی واک کی گئی۔