اوکاڑہ؛ یوم آزادی کے سلسلے میں کوتھم کالج میں تقریب کا  انعقاد، طالبہ  نے  ملی نغمے پیش کیے، کیک کاٹا گیا

12

اوکاڑہ،13اگست(اے پی پی ):پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے حوالہ سے کوتھم کالج اوکاڑہ میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی سماجی تنظیم “ماڈا” کے صدر محمد مظہررشید چودھری جبکہ مہمان اعزاز سابق سینئر نائب صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن معروف سوشل ورکر صائمہ رشید ایڈووکیٹ تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئےصائمہ رشید ایڈووکیٹ نے کہا کہ جس طرح کا جذبہ  1947 میں ہمارے آباواجداد کاتھا، آج ہمیں ضرورت ہے کہ وہ ہی جذبہ پھر بیدار ہو تاکہ ہمارا ملک  معاشی طور پر بھی ترقی کرے تاکہ ہمیں غیر ملکی اداروں اور بیرونی دنیا سے امداد نہ لینی پڑے۔
مہمان خصوصی محمد مظہررشید چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 75سال میں پاکستان کے مختلف شعبوں میں ترقی کی رفتار ویسی نہیں جیسی پاکستان کے بعد آزادی حاصل کرنے والے ممالک نے حاصل کی ، ہمیں ملک کی ترقی اور بقا کے لیے زندگی کے تمام شعبہ جات میں خلوص نیت سے کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کے لیے ہمیں تمام مسلمان ممالک کے ساتھ مل کر انکی آزادی کے لیے بھرپور کوششیں کرنا ہونگی،  آج کا پاکستان ایک ایٹمی اسلامی طاقت ہے ہمیں اپنے شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے ملک کی ترقی کے لیے دن رات ایک کرنا ہوگا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل ادارہ ہذا محمدعثمان ہادی نے کہا کہ نئی نسل کو محنت لگن اور جذبہ سے وطن کی ترقی اور اس کودنیا میں ناقابل تسخیر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

تقریب میں طلبہ نے ملی نغمے پیش کیے بعد ازاں مہمانان نے جشن آزادی کا کیک کاٹا اور ملک میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی۔