ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب ڈاکٹر احسان صادق کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے افسران و ملازمان کو شاباش

3

ملتان، 23 آگست (اےپی پی): ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب ڈاکٹر احسان صادق نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے افسران و ملازمان کو شاباش دی۔

کانسٹیبل محمد اقبال 762/c اور محمد اختر 1561/c نے وہ کارنامہ سرانجام دیا جس سے نہ صرف محکمہ پولیس بلکہ پوری انسانیت کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ 22اگست کی صبح پولیس تھانہ روجھان کو 15 کی ایک کال موصول ہوئی جس میں سیلابی ریلے میں پھنسا ایک شخص پولیس کورو کر کہہ رہا تھا کہ وہ کئی گھنٹوں سے سیلابی ریلے میں ایک درخت کے سہارے اپنی جان بچا کر بیٹھا ہے اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او روجھان اپنی نفری سمیت موقع پر پہنچے اور دیکھا کہ ایک خوفناک طوفانی سیلابی ریلا جو اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ بہہ رہا ہے اسی ریلے کے بیچ درخت پر ایک شخص چیخ و پکارکے ساتھ کسی مسیحا کے انتظار میں تھا پانی کے شدید بہاؤ اور طوفان کو دیکھتے ہوئے کوئی بھی اس بات پر راضی نا ہوا کہ زمین چیرتی ان تیز لہروں کا مقابلہ کر کے اس بے بس انسان کی جان بچائی جا سکے افراتفری کے اس عالم میں روجھان پولیس کے دو کانسٹیبلز  محمد اقبال اور محمد اختر نے لائف سیونگ جیکٹس کس لیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس خطرناک طوفان اور سفاک لہروں کا مقابلہ کر کے اس بے یارو مددگار شخص کی جان بچائیں گے دونوں نے فضا میں اللہ اکبر کا نعرہ بلند کیا اور سیلابی ریلے میں چھلانگ لگا دی اور لہروں کا سینا چیرتے ہوئےاس شخص کی جان بچائی اور ریسکیو کر کے بحفاظت کنارے تک لے آئے ہر طرف دیکھنے والوں کی جانب سے پنجاب پولیس زندہ باد کے فلک شگاف نعروں کی گونج بلند ہوئی اور کانسٹیبلان نے اللہ پاک کا شکر ادا کیا ڈی پی او راجن پور احمد محی الدین نے پنجاب پولیس کے ان جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا اور حالات نارمل ہونے کے بعد اپنے پاس دعوت پر بلایا ہے۔ *ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر احسان صادق نے ملازمان کے اس دلیرانہ عمل پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا پولیس ہر ہر مصیبت سے لڑنے کے لیے ہمت اور جوش و جذبہ سے سرشار ہے۔