قلات،20 اگست(اے پی پی): صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے کہا کہ غیر معمولی بارشوں اور سیلاب سے وسیع پیمانے پرانفراسٹیکچر اور قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا ہے، صوبائی حکومت محدود وسائل میں رہتے ہوئے متاثرین کی مکمل بحالی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں حالیہ مون سون بارشوں و سیلابی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کو ڈپٹی کمشنر قلات نے نقصانات اور امدادی کارروائیاں بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حالیہ مون سون بارشوں سے پندارن، گزگ، جوہان، نیچارہ، نیمرغ،گرانئی کے علاقوں میں فصلوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ مقامی انتظامیہ کی متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے کہا کہ غیر معمولی بارشوں اور سیلاب سے وسیع پیمانے پرانفراسٹیکچر اور قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کیلئے اقدامات جاری ہیں، مختلف اضلاع میں 600 خاندانوں کیلئے امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے جبکہ محکمہ پی ڈی ایم اے امداد وبحالی کی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محدود وسائل میں رہتے ہوئے ہم متاثرین کی مکمل بحالی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے جبکہ بحالی اور امداد کیلئے پی ڈی ایم اے،صوبائی انتظامیہ کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔











