کوئٹہ،22 اگست ( اے پی پی): بلوچستان کے سیلاب و بارشوں سے متاثرہ 27 اضلاع میں سیلاب متاثرین کی امداد اوراضلاع میں ریلیف آپریشن کے ساتھ ہائی وے سے منسلک رابطہ سڑکوں کی بحالی کی سرگرمیاں جنگی بنیادوں پر جاری ہے، سیلاب متاثرہ ضلع لسبیلہ میں کوئٹہ کو کراچی سے ملانے والی آر سی ڈی شاہراہ N25 کے سیلاب متاثرہ اوتھل بیلہ سیکشن کی بحالی کا کام تکمیل کے مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ پاک فوج کی اسپیشل سیکورٹی ڈویژن 44کے میجر جنرل عنایت حسین اوربریگیڈیئر فیصل کی خصوصی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے زیر نگرانی این ایچ اے اور محکمہ مواصلات تعمیراث کےانجینئر ارشد مسعود زہری بحالی کے کاموں کی نگرانی کررہے ہیں۔ساحلی شاہراہ سے منسلک لاکھڑا لیاری سیکشن اور اوتھل کے مقام پر نیشنل ہائی وے کے ٹریک کی جزوی طور پر بحالی ممکن بنائی گئی ہے، روٹ کو ٹریفک کیلئے بحال کیا گیا ہے۔
محکمہ مواصلات و تعمیرات کےانجینئرز ضلع لسبیلہ میں چھ مقاماتِ پر نیشنل ہائی وے سے ملحقہ رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام دن رات کر رہے ہیں ۔سیلاب متاثرہ علاقوں کا ضلعی ہیڈ کوارٹر اوتھل سے زمینی رابطہ بحال کرنےکی کوششیں جاری ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر لسبیلہ مرادخان کاسی نے پیر کے روز لسبیلہ چیمبرآف کامرس اور حبکو کے حکام سے ملاقات کی ۔ملاقات میں لسبیلہ چیمبر آف کامرس کی جانب سے سی ایس آر فنڈز کے تحت سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کیلئے مشینری فراہمی کی ضلعی انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی گئی۔ حب پاورجنریشن کے سی ایس آر منیجر کی جانب سے فراہم کی گئی بلڈوزر مشینری سے اوتھل کے مضافاتی سیلاب متاثرہ دیہاتوں میں لنک روڈ کی بحالی کا کام ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے زیر نگرانی شروع کیا گیا ہے ۔











