تھرپارکر، 18 اگست (اے پی پی ): تھرپارکر میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔مٹھی، اسلامکوٹ، ننگرپارکر ڈیپلو،کلوئی اور چھاچھرو میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جبکہ پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے جبکہ معتدد کچے مکانات گرگئے ہیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحفیظ سیال نے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے پانی نکاسی کا یقین دلایا جس کے بعد مٹھی شہر کے کافی علاقوں سے پانی نکالا گیا ہے۔جن میں سول ہسپتال، کشمیر چوک، پرانہ ناکہ شامل ہیں، ڈیپلو اور اسلام کوٹ شہروں میں بھی پانی کی نکاسی کے لیے موٹریں لگائی گئی ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے کہا کہ کے نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگ کچھ دنوں کے لیے محفوظ مکامات پر چلے جائیں۔انہوں نے ٹاؤن، میونسپل کمیٹی اور محکمہ پبلک ہیلتھ کو ہدایت کی کے وہ پانی کی نکاسی عمل کو یقینی بنائیں،غفلت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، عوام کا تحفظ کرنا ہمارا فرض ہے۔