ملتان، 24اگست( اےپی پی): چیئرمین رنگ آف پاکستان (آر او پی) سید عاصم علی شاہ نے کہا ہے کہ رواں سال جنوبی پنجاب میں ریسلنگ کا بڑا ایونٹ منعقد کروانے جا رہے ہیں ، ڈی ایچ اے ملتان کے زیر اہتمام تین روزہ میگا ریسلنگ فیملی فیسٹیول نومبر 2022 ء کے اختتام میں منعقد کروایا جائے گا۔ ایونٹ میں 25 سے زائد مختلف ممالک کے ریسلرز بشمول یو کے ، کینیڈا، یو ایس اے اور دوسرے ممالک شامل ہوں گے۔ان خیالات کااظہار چیئرمین رنگ آف پاکستان نےڈی ایچ اے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکیا۔ انہوں نے کہا کہ آر او پی 2017 ء سے پاکستان میں پروفیشنل ریسلنگ کے پروگرام منعقد کروا رہا ہے، رنگ آف پاکستان 10 سے 15 ممالک میں پاکستان کی نمائندگی کر چکا ہے ۔ سید عاصم علی نے کہا کہ ڈی ایچ اے ملتان کے تعاون سے منعقد ہونے والے میگاریسلنگ ایونٹ سے پہلے ستمبر میں 6 ممالک کے ریسلرز ملتان آئیں گے جو پروموشنل ایکٹیویٹی میں حصہ لیں گے۔نومبر کے میگا ایونٹ کو بین الاقوامی سطح پر دیکھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس ریسلنگ ایونٹ کو فیملی فیسٹیول کے طور پر منایا جائے گا۔مارکیٹنگ ڈائریکٹر ڈی ایچ اے کرنل سرفراز نے کہا کہ آر او پی اسلام آباد, کراچی اور لاہور میں اس طرح کے کامیاب ایونٹ کروا چکا ہےاس موقع پرسی ای او رنگ آف پاکستان عمران شاہ بھی موجود تھے۔