حالیہ سیلاب سے پیدا صورتحال کسی قومی سانحے سے کم نہیں ہے ؛ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

7

اسلام آباد،30اگست  (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو شدید بارشوں اور سیلاب کا سامنا ہے، حالیہ سیلاب سے پیدا صورتحال کسی قومی سانحے سے کم نہیں ہے ، بارشوں اور سیلاب سے معیشت کو بھاری نقصان پہنچا ہے ۔

  ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں دفتر خارجہ میں حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ کے مشترکہ پاکستان فلڈ ریسپانس پلان 2022 کے آغاز کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  وزیر خارجہ نے کہا کہ رواں سال غیر معمولی مون سون بارشیں ہوئی ہیں، موسمیاتی تبدیلی کے باعث رواں سال پاکستان میں بھی ہیٹ ویو نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں سے ملک کے 72 اضلاع میں 3 کروڑ افراد کو سیلاب کی صورتحال کا سامنا ہے، سیلاب متاثرین کو صاف پانی اور کھانے کی اشیاءتک رسائی مشکل ہوگئی ہے۔

 وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے معیشت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرین کو امداد دی جارہی ہے، پاکستان کو خیموں اور مچھر دانیوں کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں   نے کہا کہ پاکستان گلوبل وارمنگ سے براہ راست متاثر ہو رہا ہے، پاکستان کو عالمی برادری کی مدد کی فوری ضرورت ہے، سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کی ضرورت ہے، پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی کھانے پینے کی اشیاء تک رسائی مشکل ہورہی ہے، سیلاب متاثرین کی امداد پر دوست ملکوں اور عالمی برادری کے مشکور ہیں، پاکستان کی حکومت اور عوام سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔