حيدرآباد، 24 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر اطلاعات و نگران رین ایمرجنسی حیدرآباد شرجیل انعام میمن نے اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ دیہی سرہان اعجاز ابڑو اور متعلقہ افسران کے ہمراہ بدھ کو یہاں راہوکی شاخ میں شگاف پڑنے والے مقام پر پہنچے جہاں صوبائی وَزیر نے اپنی نگرانی میں بھاری مشینری، آبپاشی عملے اور مقامی افراد کی مدد سے شگاف کو بند کروایا اور متعلقہ افسران کو راہوکی شاخ اور ہوسڑی شاخ کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام الناس کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، کسی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے جبکہ ٹنڈو جام مین پمپنگ اسٹیشن کا دورہ کیا اور وہاں صورتحال سے متعلق افسران سے معلومات لیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ٹنڈوجام سمیت گردو نواح کے علاقوں سے جلد از جلد نکاسی آب کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے تعلقہ دیہی کے علاقے ورکشاپ کالونی اور کھیسانہ موری کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں عوام الناس کے مسائل بھی سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کیلئے احکامات بھی جاری کیے ۔
دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو کی نگرانی میں قاسم آباد، لطیف اباد اور تعلقہ سٹی کے تمام علاقوں سے نکاسی آب کا عمل بھی جاری ہے۔
اس موقع پر چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کائونسل حیدرآباد شاھجہان پہنور اور پبلک ہیلتھ کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔