حکومت پنجاب کی ہدایت پر ممکنہ سیلاب کے پیش نظرملتان ڈویژن کا پیشگی ایمرجنسی پلان تیار، تمام محکمہ جات میں ایمرجنسی نافذ

8

ملتان، 16 اگست(اے پی پی ): حکومت پنجاب کی ہدایت پر ممکنہ سیلاب کے پیش نظرملتان ڈویژن کا پیشگی ایمرجنسی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر خٹک ڈویژن نے تمام محکمہ جات میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز اور انہار انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 ڈپٹی کمشنرز ملتان ، لودھراں،خانیوال اور وہاڑی نے ضلعی فلڈ ایمرجنسی پلان بھی کمشنر آفس جمع کرادیا ہے۔ اس موقع پر کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا کہ سیلاب کا خطرہ نہ ہونے کے باوجود ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ مکمل تیار ہے، دریاوں میں پانی کی سطح کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مسلسل مانیٹر کیا جارہا ہے جبکہ سیلابی علاقوں سے انسانی و حیوانی انخلاءکیلئے موثر حکمت عملی بھی ترتیب دی گئی ہے۔

کمشنر نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں ادویات اور ویکسی نیشن کا وافر سٹاک موجود ہے، ڈویژن بھر میں 59 فلڈ ریلیف کیمپ اور 46 ویٹرنری کیمپس کیلئے مقامات کی نشاندہی بھی کی جاچکی ہے جبکہ سیلابی صورتحال میں 56 مستقل اور 4 عارضی موبائل کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔

کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں فلڈ کنٹرول رومز قائم کئے جاچکے ہیں،اب تک فلڈ بندوں کو اپ گریڈ کرکے سیلابی راستوں پر تجاوزات کا مکمل خاتمہ کردیا گیا ہے جبکہ ریسکیو،سول ڈیفنس اور انہار سمیت تمام محکمے افرادی و مشینی وسائل کے حوالے سے باہمی رابطے میں ہیں۔

کمشنر عامر خٹک نے واسا کو تمام مشینری فعال کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ اربن فلڈنگ کے پیش نظر واسا اپنی تیاری مکمل رکھے۔