حکومت کا عوام کو 200یونٹ تک فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ریلیف خوش آئند لیکن اسے کم از کم4سے 5سو یونٹ تک ہونا چاہیے عابد شیر علی و طلال چوہدری کی پریس کانفرنس

13

فیصل آباد۔25اگست  (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ؤں و سابق وزرائے مملکت چوہدری عابد شیر علی اور طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت کا عوام کو 200یونٹ تک فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ریلیف خوش آئند ہے لیکن اسے کم از کم4سے 5سو یونٹ تک ہونا چاہیے جبکہ متعلقہ ادارے عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری پر نظر ثانی کریں کیونکہ انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108فیصل آباد سے جو کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں ان میں بہت سے ابہام اور کئی ایسے اثاثے ہیں جو انہوں نے ظاہر نہیں کئے اس طرح وہ آئین کے آرٹیکل 62، 63کے مطابق حقائق چھپانے پر الیکشن لڑنے کے اہل نہیں۔ وہ جمعرات کی سہ پہر ممبر صوبائی اسمبلی فیصل آباد میاں طاہر جمیل کے ڈیرہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ عمران خان کے آئی ایم ایف سے کئے گئے معاہدوں کی بنیاد پر بجلی کے نرخوں میں اضافہ اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا سلسلہ شروع کیا گیا جس نے مہنگائی کی ماری ہوئی عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی اور آج ہمارے ہی کارکنان اور مائیں،بہنیں،بیٹیاں، بزرگ اور رکشہ چھابڑی ریڑھی بان و متوسط طبقہ کے لوگ بجلی کے بے تحاشہ بلوں کے خلاف جگہ جگہ احتجاج کر تے نظر آرہے ہیں اور ان لوگوں کی مشکلات کے باعث مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو بھی شدید پریشانی کا سامنا ہے کیونکہ ہمارے قائد نواز شریف نے ہی سب سے پہلے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کے خلاف آواز اٹھائی تھی اور اب بھی انہی کی کوششوں سے عوام کو 200یونٹ تک کے بلوں پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ریلیف فراہم کیا گیا ہے لیکن وہ ایک عام شہری کی حیثیت سے سمجھتے ہیں کہ یہ ریلیف انتہائی کم ہے کیونکہ جو متوسط سفید پوش و سرکاری ملازم پیشہ شہری گھر میں انتہائی ضرورت کی الیکٹرانک اشیا بشمول فریج،واشنگ مشین،پانی کی موٹر، بجلی کی استری،مائیکرو ویو اوون،تین چار پنکھے اور لائٹس استعمال کرتا ہے اس کا ماہانہ بجلی کا بل کم از کم 400سے 500یونٹ تک ہوتا ہے اسلئے اسے بھی یہ ریلیف ملنا چاہیے کیونکہ وہ بھی عمرانی حکومت کی جانب سے کی گئی مہنگائی سے اتنا ہی متاثر ہے جتنا ایک غریب آدمی۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم شہباز شریف انتہائی درد دل رکھنے والے انسان ہیں لہٰذا   انہیں چاہیے کہ وہ فوری طور پر من و عن آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کرنے کی بجائے آئی ایم ایف سے دوبارہ مذاکرات کا عمل یقینی بنائیں اور ان کی سخت ترین شرائط میں نرمی کرواتے ہوئے دیگر شہریوں کو بھی کم از کم 4سے 5سے یونٹ تک کے بلوں پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ریلیف فراہم کیا جائے۔چوہدری عابد شیر علی اور طلال چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان اور رہنما بعض وفاقی وزرا کی کارکردگی اور اقدامات سے مطمئن نہیں اسلئے میاں شہباز شریف خود ان کے امور میں مداخلت کریں اور میاں نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 108فیصل آباد میاں نواز شریف کے جانثاروں اور متوالوں کا گڑھ ہے جہاں سے عمران خان کو قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن میں عبرت ناک شکست ہو گی لیکن اصل مسئلہ الیکشن لڑنے کا نہیں بلکہ اصول و ضوابط کا ہے کیونکہ ایک ہی ملک میں ایک ہی جیسے لوگوں کیلئے دو قانون نہیں ہو سکتے کہ لاڈلے کو تو ہر قسم کی رعائت ہو خواہ وہ اپنی جائیدادیں ظاہر کرے یا نہ کرے خواہ وہ توشہ خانہ سے انگوٹھیاں،ہار،بریسلٹ،آئی فونز، ٹی سیٹ اور دیگر سامان لوٹ کر کھا جا ئے اور انہیں ظاہر بھی نہ کرے لیکن اسے کوئی نہ پوچھے مگر کوئی دوسرا ایک سائیکل بھی ظاہر نہ کرے تو اسے نا اہل کر دیا جائے تو ایسا نہیں ہونا چاہیے تاہم اگر ایسا کرنا ہے تو لاڈلوں کیلئے الگ اور عام پاکستانیوں کیلئے الگ قانون بنا دیا جائے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری بہت عجیب و غریب اقدام ہے اسلئے متعلقہ اداروں کو اس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اس کے کاغذات نامزدگی پر نظر ثانی اور انہیں مسترد کر دینا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ عمران نیازی کے غلط فیصلوں نے ملک کو معاشی تباہی اور عوام کو غربت و بے روز گاری کی دلدل میں دھکیل دیا ہے جبکہ انہیں اس بات کا بھی دکھ ہے کہ فیصل آباد کی انڈسٹری اور پاورلومز بند ہو رہی ہیں جس سے مزدوروں کو بے روز گاری کا سامنا ہے اور ایسا صرف مہنگی بجلی کی وجہ سے ہے جس کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں بلکہ اس کی وجہ سے پیدا ہونے والی مہنگائی، غربت اور بے روز گاری سے ہے۔