حیدرآباد، 25 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر اطلاعات و نگران رین ایمرجنسی حیدرآباد شرجیل انعام میمن نے تعلقہ دیہی میں مختلف فلڈ ریلیف کیمپس کے دورے کیے اور متاثرین کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے راہوکی شاخ میں پڑنے والے شگاف کو پر کرنے کے کام کا بھی معائنہ کیا۔
اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جب مشکل حالات ہوتے ہیں تو حکومتوں کو سخت فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گریڈ 16 اور اس سے نچلے درجے کے ملازمین 2 دن اور 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری ملازمین 5 دن کی تنخواہیں فلڈ ریلیف کی مد میں جمع کروائیں گے جبکہ پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی اور کابینہ ممبران ایک مہینے کی تنخواہ جمع کروائیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ مالی مسائل کی وجہ سے فلڈ ریلیف کیلئے امداد نہیں دینا چاہتا تو کسی پر زبردستی نہیں ہے، یہ مہم کا آغاز ہے اور ہر شخص متاثرین کی امداد کرنا چاہتا ہے۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کو بہت بڑی قدرتی آفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اے نے 2 لاکھ مزید خیموں کا آرڈر دیا ہے، جس جس کا نقصان ہوا ہے ، حکومت اس کا ہرممکن ساتھ دے گی اور اس سلسلے میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سخت ہدایات ہیں۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ خود سندھ بھر کے دورے کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی ہمیشہ مشکل وقت میں لوگوں کے ساتھ کھڑی رہتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سن 2010 اور 2011 میں مسلسل دو سال سیلاب اور بارشوں سے لوگ متاثر ہوئے اور پاکستان پیپلز پارٹی ان کے ساتھ کھڑی رہی اور لاکھوں خاندانوں کی دوبارہ آبادکاری کو یقینی بنایا۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ کل جہاں جہاں شگاف پڑے وہاں وہ خود پہنچے ہیں اور پوری رات جاگ کر ان کو پر کرنے کی کوشش کی نگرانی کی،پانی کا فلو بہت زیادہ ہے ، سکھر سے گزشتہ روز 6 لاکھ کیوسک پانی کا ریلا گذر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلسل بارشیں جاری ہیں اور پچھلے 48 گھنٹوں میں ہونے والی بارشوں نے حیدرآباد سمیت پورے صوبے میں تباہی مچادی ہے۔
حیدرآباد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا نیٹ ورک ہے اور اس کے ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی کا یونین کونسل سطح پر لوگوں سے رابطہ ہے۔ کسی کو بے یارو مددگار نہیں چھوڑا جائے گا اور ہماری کوشش ہے کہ پکا پکایا کھانا متاثرین تک پہنچائیں اور اس سلسلے میں حکومت متاثرین کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔